بانہال // حال ہی میں بغیر کسی رسمی افتتاح کے ٹریفک کیلئے کھول ددی گئی بانہال ۔قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے قریب فلائی اوور میں چھوٹی دراڑیں پڑ گئی ہیں جس کے بعد آج صبح سے اس لین پر سرینگر سے جموں آنے والے ٹریفک کو روک کر متبادل سڑک پر ڈال دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ٹول پلازہ بانہال اور بانہال۔ قاضی گنڈ ٹنل کے درمیان فلائی اوور کے ایک حصے میں چھوٹی چھوٹی دراڑیں پڑ گئی ہیں اور کشمیر سے جموں کی طرف جانے والے ٹریفک کو یہاں روک کر ٹریفک کو دوسری سڑک پر موڑ دیا گیا ہے۔
نویگہ تعمیراتی کمپنی کے حکام نے فون پر کشمیر عظمی کو بتایا ” فلائی اوور کے ایک چھوٹے سے حصے پر چھوٹی سی دراڑیں پیدا ہوئی ہیں۔ یہ معمولی مسئلہ ہے اور اس پر دوبارہ ٹریفک چلانے کے لیے مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے“۔
دریں اثناءعوامی حلقوں کا الزام ہے کہ تعمیراتی کمپنی نویگہ انجینئرنگ لمیٹیڈ نے فلائی اوور پروجیکٹ میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل کا استعمال کیا ہے اور نتیجتاً گاڑیوں کے چلانے کے چند ہفتوں میں ہی فلائی اوور میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ انہوں نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ بانہال ۔قاضی گنڈ فور لین ٹنل کا ابھی تک رسمی افتتاح نہیں کیا گیا ہے تاہم گذشتہ چند ہفتوں سے ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی جارہی ہے۔