ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے رضاکار سینکڑوں زخمیوں کو نئی زندگی دے چکے ہیں ، نوجوانوں کی بڑی تعداد کارِ خیر میں شامل
محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر قومی شاہراہ کا بانہال ۔ رامسو اور رام بن کا سیکٹر سڑک حادثات اور لینڈ سلائیڈ کے حوالے سے انتہائی حساس سمجھا جاتا ہے اور یہاں آئے دن پیش آنے والے حادثات قیمتی انسانی جانیں نگل چکے ہیں تاہم 36میں 12کلومیٹر کو چھوڑ کر تیار کی گئی فورلین شاہراہ کے بعد سڑک حادثات میں مرنے والوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی۔بانہال میں این جی او بانہال والینٹرس ، کھڑی میں کیو آر ٹی کھڑی ، رامسو میں ہمالین کیو آر ٹی رامسو اور رام بن میں سیول کیو آر ٹی رام بن جیسی رضاکار تنظیموں سے جڑے مقامی نوجوانوں گمنام ہیروز کی حیثیت رکھتے ہیں جو محدود وسائل کے باوجود اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر شاہراہ کے سڑک حادثات ، شاہراہ کے بند ہونے ، سیلاب آنے ، آگ لگنے اور شاہراہ کے بند ہونے کے دوران مشکلات میں پھنسے لوگوں کو بچانے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔یہ رضاکار شاہراہ کے مختلف مقامات پر کسی بھی حادثے کی اطلاع ملتے ہی چند منٹوں میں موقع پر پہنچ جاتے ہیں اور ان کے فوری ردعمل کے باعث پچھلے تیس ۔ چالیس برسوں کے دوران سڑک حادثات کے سینکڑوں زخمیوں کی جانیں بروقت امداد فراہم کر کے بچائی جا چکی ہیں ۔ ضلع رام بن کے یہ ایک سو سے زائد رضاکار ہر وقت انتظامیہ اور پولیس کی کال پر پولیس ، فوج ، ایس ڈی آر ایف اور فائر سروسز محکمہ کے ساتھ شامل بشانہ بچاؤ اور راحت کی کاروائیوں میں پیش پیش ہوتے ہیں۔ رامسو میں قائم ہمالین کیو آر ٹی کی ٹیم کے رضاکار کئی دہائیوں سے مسلسل خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان ٹیموں میں شامل رضاکاروں کو بنیادی ریسکیو تربیت بھی حاصل ہے، جن میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد، سی پی آر دینا اور دشوار گزار کھائیوں میں ریسکیو آپریشن انجام دینا شامل ہے۔ہمالین کیو آر ٹی رامسو کو حالیہ یوم جمہوریہ کے موقع پر بہترین کام کے عوض میں ضلع انتظامیہ رام بن کی طرف سے اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔ کیو آر ٹی رامسو جو اب ہمالین کیو آر ٹی کے نام سے جانی جاتی ہے کے بانی اور سابقہ صدر شاہجہاں احمد میر تھے اور انہوں نے اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ خالی ہاتھوں درجنوں بچاؤ کاروائیوں میں حصہ لیا ہے۔ ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے موجودہ صدر عبدالرحمان سوہل کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے چالیس کے قریب رضاکار صرف اللہ کی رضا کیلئے ہر وقت تیار ہوتے ہیں اور کسی بھی اطلاع کے ملتے ہی موقع واردات پر پہنچنا ان کا پہلا ہدف ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ رامبن نے یوم جمہوریہ کے موقع پر اعزاز سے نوازا اور چند روز پہلے بچاؤ کاروائیوں میں استعمال ہونے والے سٹریچر ، سرچ لائٹس ، کٹر ، رسیاں ، رسوں کی سیڑھیاں سمیت بہت سارا ضروری سامان فراہم کیا ہے اور ہم اس کیلئے ضلع انتظامیہ رام بن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سات ۔ آٹھ برسوں سے وہ بچاؤ کاروائیوں کیلئے ایک گاڑی یا ایک ایمبولینس کی مانگ کرتے آرہے ہیں لیکن ابھی تک اس طرف توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان سے استدعا کی کہ وہ ہمالین کیو آر ٹی رامسو کی طرف سے بچاؤ کاروائیوں کو مزید موثر انداز سے انجام دینے کیلئے ایک گاڑی کو منظور کریں۔