بانہال // بانہال کے نیل علاقے میں گذشتہ رات گیس کے رساؤ کی وجہ سے آگ کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان جل کر راکھ ہوگیا ہے ۔ اس واقع میں حبیب اللہ کمہار ولد مرحوم جمالدین کمہار ساکنہ نیل باٹو کا رہائشی مکان مال و اسباب سمیت مکمل طور سے جل کر راکھ ہوگیا – چار کمروں پر مشتمل اس رہائشی مکان سے غریبی کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والے حبیب اللہ کمہار کا تن پر لگے کپڑوں کے سوا کچھ نہیں بچایا جاسکا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آگ گیس سلنڈر کے رساؤ کی وجہ سے منگل اور بدھ کی لگی ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے اس غریب کے آشیانے کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس سلنڈر کے آگ پکڑتے ہی اہلخانہ جاگ گئے اور جان بچانے میں بڑی سے کامیاب ہوگئے۔ واقع کے بعد مقامی لوگوں اور پولیس پوسٹ نیل سے وابستہ اہلکار وں کی طرف سے آگ پر قابو پانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی اور یہ مکان مال واسباب سمیت جل کر راکھ ہوگیا ۔ پولیس سٹیشن رامسو میں ضابطے کے تحت کاروائی کی گئی ہے ۔ لوگوں نے سرکار اور مقامی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ غریبی کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والے اس کنبے کو ہر ممکن مالی مدد بہم پہنچائیں اور اس کیلئے محکمہ دیہی ترقیات کی طرف سے متاثرین کے حق میں ایک مکان کا فوری اعلان کیا جائے تاکہ بے سہارہ کو سہارا مل سکے ۔