محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال کے چملواس علاقے میں سِکوٹی اور انوا گاڑی کی سیدھی ٹکر میں سِکوٹی پر سوار دو سوار زخمی ہوئے ہیں جس میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ بانہال ہسپتال سے ڈاکٹروں نے دونوں زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا ہے۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں ، پولیس ، ٹریفک پولیس اور بانہال والنٹیرس کے رضاکاروں نے بچاو کارروائی کرکے دونوں زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بانہال پہنچایا جہاں سے دونوں زخمیوں کو مزید علاج کیلئے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے زخمیوں کی شناخت عاشق احمد پڈرسکنہ فہوروگن بانہال اور عبید احمد تانترے سکنہ تانترے پورہ بانہال کے طور کی گئی ہے۔ سب ضلع ہسپتال بانہال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ عاشق احمد پڈر عمر 37 سال کی حالت تشویشناک ہے اور دونوں زخمیوں کو مزید اور بہتر علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔