بانہال // پیر پنچال ادبی فورم کے زیر اہتمام بانہال میں ایک کشمیری کانفرس کا انعقاد ہوا جس میں بانہال کے بزرگ صوفی شاعر رند شمس کے حیات اور فن پر غلام نبی ظاہر بانہال کی طرف سے لکھی گئی ایک کشمیری کتاب کا رسم اجرا کیا گیا۔ کانفرس کی صدارت مراز ادبی سنگم کے صدر کلیم بشیر احمد نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور ایم ایل اے بانہال وقار رسول وانی موجود تھے۔ اس موقع پر مقامی اور وادی کشمیر سے آئے شعرا و ادبا نے شرکت کی جن میں ایوب صابر، رحمت بانہالی ، عباس فردوس ،ابو شہید ، ارمان شاہ آبادی ، واخد کشمیری ، بہار احمد بہار ، میر روشن خیال ( ترال) مزمل یزداتی ، محبوب بانہالی ، اسلم میر، شوکت شیدا قابل ذکر تھے ۔ پیر پنچال ادبی فورم بانہال کے صدر ظاہر بانہالی نے مہمانوں کا استقبال کیا اور اپنی کتاب رند شمس شخصیت تہ فن پر روشنی ڈالی۔ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول نے شعرا و ادبا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شعرا وادبا ہی کشمیری زبان و ادب کی بقا اور اس کی ترویج کے لیے کام کر رہے ہیں جس کے لئے لوگوں کو ان کا احسان مند ہونا چاہیے اور اس مشن کو سرکار کی بھر پور حمایت لازمی ہے ۔ کلیم بشیر احمد نے اپنے صدارتی خطبے میں غلام نبی ظاہر بانہالی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایک اچھی کانفرس کا انعقاد کرکے کمشیری اور دیگر ادب سے تعلق رکھنے والے ادبا اور شعرا کو اس کانفرنس میں شرکت کا موقع فراہم کیا ہے۔ پروگرام کی نظامت کے فرایض مراز ادبی سنگم کے اسسٹنٹ سکریٹری شبیر حسین شبیر نے انجام دیئے۔