بانہال //جموں سرینگر شاہراہ پر ٹھٹھاربانہال کے نزدیک مبینہ کار بم دھماکہ کرنے کی کوشش میں ملوث شوپیان کے ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے۔بانہال پولیس نے کہا ہے کہ نوجوان کو جواہر ٹنل کے نزدیک ایک مسافر گاڑی سے ھراست میں لیا گیا۔گرفتار کئے گئے مشتبہ نوجوان کی شناخت اویس امین ولد محمد امین راتھر ساکن وہیل شوپیان کے طور کی گئی ہے۔ایس ڈی پی او بانہال سجاد سرور نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک مشتبہ نوجوان جو سنیچر کو جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال کے نزدیک ٹھٹھاڑ علاقے میں ایک ناکام کار بم دھماکے کے بعد فرار ہوا تھا کو پیر کی صبح ایک مسافر گاڑی سے جواہر ٹنل کے نزدیک پولیس اور فوج کی مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کرکے تحویل میں لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ نوجوان نے کار بم دھماکے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کار بم دھماکہ کرنے میں ناکام ہونے کے بعد اویس امین نے گاڑی کو جواہر ٹنل کے اس پار لایا اور ٹھٹھاڑ کے پاس فورسز کانوائے کو کار بم دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی جو ناکام ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ بانہال نے 8 روز تک پولیس ریمانڈ میں دیدیاہے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ایک کیس زیر دفعہ 39/2019 زیر دفعہ 307/120B/121/121A/124 رنبیر پینل کوڈ 4/5 دھماکہ خیز مواد اور 15/16,18/28 غیر قانونی سرگرمیوں کے تحت درج کیا گیا ہے۔