محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی صبح سے دھوپ نکلی رہی، تاہم دن چڑھنے کے ساتھ ہی آسمان پر بادل چھا گئے جس کے باعث موسم قدرے سرد رہا اور سردی کے باوجود روزمرہ کے معمولات پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا۔ادھر جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہی اور مسافر اور مال گاڑیوں نے اپنی منزلوں کا سفر کیا ۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کے روز قومی شاہراہ پر ٹریفک کا نظام مجموعی طور پر معمول کے مطابق رہا اور ایڈوائزری کے مطابق مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو یکطرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت حاصل تھی۔ٹریفک پولیس کے مطابق شیر بی بی کے نزدیک کشتواڑی پتھر سمیت شاہراہ کے کئی مقامات پر سڑک تنگ ہے اور وہاں صرف یکطرفہ ٹریفک ممکن ہے۔ انہوں نے ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ پر نظم و ضبط برقرار رکھیں اور اپنی اپنی قطاروں میں چلتے ہوئے احتیاط کا مظاہرہ کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے اور ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔