محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال کے لامبر گراؤنڈ میں شری امرناتھ یاتریوں کیلئے ضلع انتظامیہ رام بن کی طرف سے تمام طرح کی سہولیات میسر رکھی گئی ہیں۔بلاک میڈیکل آفیسر بانہال کی طرف سے یہاں میڈیکل ایڈ سینٹر دن رات کام کر رہا ہے۔بانہال لامبر گراؤنڈ میں یاتریوں اور یہاں قائم لنگر ورکروں کی صحت کی دیکھ بھال کیلئے محکمہ صحت بانہال کی طرف سے تین ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ٹیم لامبر گراؤنڈ بانہال میں موجود ہے جہاں امرناتھ یاتریوں کیلئے پچیس لنگر کام کر رہے ہیں۔
یہاں روانہ سات سے دس ہزار کے قریب امرناتھ یاتریوں کا آنا جانا ہوتا ہے۔بلاک میڈیکل آفیسر بانہال ڈاکٹر سید محمد اسماعیل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لامبر میں امرناتھ یاتریوں کیلئے قائم میڈیکل ایڈ سینٹر میں بنیادی طبی سہولیات کا انتظام رکھا گیا ہے جس میں آکسیجن کنسنٹریٹر ، ای سی جی اور تمام قسم کی ادویات میسر رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں امرناتھ یاتری اور لنگر میں کام کرنے والے لوگ طبی سہولیات سے مطمین ہیں اور روانہ سینکڑوں یاتری ان سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاؤہ سب ضلع ہسپتال بانہال میں بھی روازنہ درجنوں کی تعداد میں امرناتھ یاتریوں کا علاج ومعالجہ کیا جاتا ہے اور ضرورت پڑنے کی صورت میں ایمبولینس گاڑیاں تیار بہ تیار رکھی گئی ہیں۔