بانہال // نیل علاقے میں ریچھ کے حملے میں کم از کم3 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک ٹیچر بھی شامل ہے جو اپنی ڈیوٹی سے واپس آرہا تھا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کہ ٹیچرفاروق احمد ولد خورشید احمد پڑھار ساکنہ سرنگہ نیل ہائی سکول پرہندر سے اپنے گھرواپس آرہا تھا کہ ایک ریچھ نے اسے حملہ کرکے زخمی کر دیا اور اس کا چہرہ نوچ ڈالا ہے اور اسے ساتھیوں نے زخمی حالت میں ایلوپیتھک ڈسپنسری نیل منتقل کیاجہاں ڈاکٹر اور دیگر انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے معمولی ابتدائی مرہم پٹی کی گئی اور اسے فوری طور پر ایمر جنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے۔ ابھی ریچھکے حملے کا خوف لوگوں پر طاری ہی تھا کہ اس خونخوار ریچھ نے راہ چلتے 2 دیگر افراد کو حملہ کرکے زخمی کردیا جس میں ایک طالب علم بھی شامل ہے۔ زخمیوں کی شناخت نظام الدین گوجر ولد کما گوجر اور محمد رمضان پڑہار ولد بشیر احمد ساکنان سرنگہ، نیل کے طور کی گئی ہے۔ ان دونوں زخمیوں کو بھی بانہال ہسپتال منتقل کیاگیاہے۔ لوگوں نے نیل ڈسپنسری میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے خلاف اپنے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیل کی دس ہزار کے قریب آبادی کیلئے ایک ڈاکٹر کو باری باری تعینات کیا گیا ہے اور ڈاکٹر کو نیل اور دوسرے کسی علاقے میں ایک ایک مہینہ ڈیوٹی دینے کا حکم دیا گیا ہے جس کی وجہ سے نیل کے لوگوں کو ہر وقت طبی سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پریشانیوں کا سامنا رہتا ہے۔