جموں // فوج نے بانہال کے عشر علاقے سے ایک ہینڈ گرینیڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ پولیس نے اس دعویٰ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے پولیس کارروائی قرار دیا ہے ۔ ہتھ گولہ کی برآمدگی کے دعوی کو لیکر پولیس نے فوج پر زبردستی کرنے کا الزم عائد کیا ہے۔فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جوائنٹ انٹروگیشن سینٹر جموں میں بند بانہال ایس ایس بی کیمپ پر حملہ کرنے والے تین دہشت گردوں کا فوج کی طرف سے انٹروگیشن کیا گیا جس کے دوران تین میں سے ایک کی نشاندہی پر بانہال کے عشر علاقے میں ایک نالہ میں چھپایا گیا ایک گرینیڈ برآمد کیا ہے۔ واضح رہے کہ 20 ستمبر کو شستر سیما بل کے کیمپ پر بانہال کے نزدیک ایک زیر تعمیر فورلین ٹنل کے باہر پستول سے فائرنگ کی گئی تھی اور اس میں ایک اہلکار ہلاک ہوا تھا جبکہ ایک افسر زخمی ہوا تھا۔ اس حملے کے بعد حملہ اور ایس ایس بی کے دو ہتھیار بھی اڑا کر لے گئے تھے۔ پولیس نے بعد میں گھر والوں کی مدد سے تینوں مقامی حملہ آوروں کو چھینے گئے ہتھیاروں سمیت گرفتار کیا تھا اور فائرنگ کیلئے استعمال کیا جانے والا پستول بھی برآمد کیا گیا تھا۔ ان تینوں مقامی نوجوانوں کو مختلف دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور اب تینوں جوائنٹ انٹروگیشن سینٹر جموں میں زیر تفتیش ہیں۔ فوج کی طرف سے انٹروگیشن کے دوران بند نوجوانوں میں سے ایک کی نشاندہی پر جمعہ کو بانہال کے علاقے سے گرینیڈ برآمد کیا گیا۔ ادھر پولیس نے آج شام کہا ہے کہ بانہال میں پچھلے ماہ کے وسط میں ایس ایس بی کیمپ پر حملے کی کڑیوں کو کھولنے کیلئے جاری کارروائی کے سلسلے کے طور پر پولیس نے انٹروگیشن سینٹر جموں کی طرف سے فراہم کی گئی اطلاعات کے بعد بانہال کے عشر کے علاقے سے ایک گرینیڈ برآمد کیا ہے جبکہ اس سلسلے میں ایک کارروائی کے بعد وادی کشمیر سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قطعی طور پر پولیس اپریشن تھا جس کی قیادت ایس ایس پی رام بن موہن لال، ایڈیشنل ایس پی مشتاق چوہدری ،ایس ڈی پی او بانہال دھیرج سنگھ کٹوچ کر رہے تھے اور ایس ایچ او بانہال سمیت کئی پولیس افسران اور اہلکار موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ماہ بانہال میں ایک ایس ایس بی اہلکار کو ہلاک اور ایک کو زخمی کرکے دو ہتھیار لیکر نکل بھاگے تین افراد کی گرفتاری کے بعد ان کی تفتیشن جوائینٹ انٹروگیشن سینٹر جموں میں جاری ہے اور تازہ انکشاف میں انہوں نے ایک گرینیڈ کی اطلاع دی اور بانہال پولیس کی ٹیم نے اس گرینیڈ کو بانہال کے عشر علاقے سے برآمد کیا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار افراد کی تفتیش جاری ہے اور پولیس کو مزید اہم کامیابیاں ملنے کی توقع ہے کیونکہ ایس ایس بی پر حملہ کرنے والا ملٹینٹوں کا یہ گروپ اب تک ایک پستول اور ایک گرینڈ پولیس کو سونپ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی سلسلے کی ایک کاروائی کے دوران کشمیر کے ڈورو شاہ آباد علاقے سے ایک مشتبہ شخص کو بانہال پولیس نے ایک چھاپے کے بعد حراست میں لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ادھر ذرائع نے بتایا کہ جائے موقع پر پولیس اور فوج کے درمیان سخت گرم گفتاری ہوئی ہے اور دونوں دست و باہم ہونے سے رہ گئے۔