محمد تسکین
بانہال // کانگریس جنرل سیکریٹری اور بی ڈی سی کونسلر بانہال امتیاز احمد کھانڈے نے بجلی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بجلی کو شیڈول کے مطابق جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔ بانہال میں ایک احتجاجی مظاہرے کے بعد سینئر کانگریس لیڈر امتیاز احمد کھانڈے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بانہال اور رام بن کے علاقوں میں گزشتہ15 روز سے بجلی کی غیر معقول سپلائی دی جارہی ہے جس کی و جہ سے صارفین بجلی کی بھاری بلیں ادا کرنے کے باوجود وقت پر بجلی نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی چناب خصوصاً رام بن ضلع سے بجلی پیدا ہونے کے باوجود بھی ضلع رام بن کے علاقوں میں بجلی کا بحران ہے جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کو یہاں کے باشندوں کیلئے کچھ فیصدی بجلی مفت رکھنا تھی لیکن مفت تو دور کی بات یہاں بجلی فیس ادا کرکے بھی صارفین کو بجلی نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار کی کٹوتی سے عوام تنگ آئی ہے اور محکمہ بجلی کی طرف سے بجلی کی سپلائی من مرضی سے کی جارہی ہے اور اگر اس معاملے کو حل نہ کیا گیا تو وہ لوگوں کو ساتھ لیکر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر احتجاجاً ٹریفک کو بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ بانہال ، کھڑی اور رامسو سب ڈویژن میں شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ سردی سے عام لوگوں اور امتحانات کیلئے تیاریاں کررہے طالب علموں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے گریڈ سٹیشنوں سے ایس ایل ڈی سی کے تحت بانہال ہی میں کی جارہی بجلی کی کٹوتی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ریاست جموں و کشمیر کے ان بجلی پروجیکٹوں کو واپس کیا جائے جن پروجیکٹوں نے اپنے منافع سے قرض کی رقم کو چکتا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا بجلی کے بغیر پورے ضلع رام بن میں ہاہا کار مچی ہے اور لوگوں کو بلوں کی ادائیگی کے باوجود بجلی کی معقول فراہمی سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 132 کلوواٹ کی ٹرانسمیشن لائین کو زیر مرمت رکھا گیا اور یہ مرمتی کام گرمیوں میں بھی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 132 کلوواٹ کی ٹرانسمیشن لائین کو بند رکھ کر بانہال اور رام بن کیلئے وادی کشمیر سے بجلی فراہم کی جارہی ہے جو مانگ سے بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 132 کلوواٹ کی ٹرانسمیشن لائین کو جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ ہزاروں صارفین کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔