محمد تسکین
بانہال// بانہال اور بڈگام ریلوے سٹیشن کے درمیان چلائی جانے والی خصوصی ریل گاڑی وسٹاڈوم ٹرین میں توسیع کی گئی ہے اور اس کی مدت میں اضافہ کرکے اسے 31 مارچ تک بڑھایا گیا ہے۔ وسٹا ڈوم کا رسم افتتاح لیفٹیننٹ گورنر منوج کمار سنہا نے گزشتہ سال اکتوبر میں کیا تھا اور یہ ریل گاڑی کشمیر آنے والے سیاحوں کیلئے ریلوے کی طرف سے ایک خاص تحفہ ہے۔ وسٹا ڈوم ٹرین بانہال اور بڈگام کے درمیان نوے کلومیٹر کی مسافت پر چلائی جاتی ہے۔ ریلوے کے ایک افسر نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ وسٹا ڈوم خصوصی ریل گاڑی کو چلانے کی مدت 19 جنوری کو ختم ہو رہی تھی تاہم اب اسے 31 مارچ تک بڑھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر وسٹا ڈوم ریل ڈبے نے مسافروں خاص کر سیاحوں کی توجہ حاصل کی ہے اور مجموعی طور پر اچھی تعداد کے مسافر اس میں سفر کو پسند کرتے ہیں۔ وسٹا ڈوم ریل کے ڈبے میں شیشوں اور دیگر سہولیات سے آراستہ ہیں اور اس میں بیٹھ کر 360 ڈگری کے زاویے پر آسپاس کی خوبصورتی کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔بانہال اور بڈگام کے درمیان 90 کلومیٹر کے سفر کیلئے وسٹا ڈوم ریل کا کرایہ فی مسافر 900 روپئے سے زیادہ ہے اور زیادہ تر سیاح ہی اس میں سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔