سرینگر//شمالی ضلع بانڈی پورہ میں بدھ کو پولیس نے تین افراد کو مبینہ طور ایک لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا۔یہ واقعہ ضلع کے چیوا علاقے میں اُس وقت پیش آیا جب تینوں ملزمان ایک گاڑی میں سوار تھے اور انہوں نے مبینہ طورمذکورہ لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔
نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق لڑکی نے اس موقع پر چیخنا چلانا شروع کیا جس سے مقامی لوگ جائے مقام کی طرف متوجہ ہوگئے اور انہوں نے لڑکی کو بچالیا۔
بعد ازاں تینوں کو پولیس نے گرفتار کرکے اُن کی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا۔
ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک نے جی این ایس کو بتایا کہ تینوں کی گرفتاری عمل میں لاکر معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
ملک نے تاہم گرفتار شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔