بانڈی پورہ//با نڈی پورہ میں قائم سرحدی حفاظتی فورس کے ہیڈکوارٹر میں برادر کشی کے ایک واقعہ میں ایک اہلکار کو ہلاک کیا گیا۔ضلع کے مارڈر علاقے میں قائم بی ایس ایف ہیڈکوارٹر میں پیر کی شب ساڑھے11بجے کیمپ میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل چندر بھان ولد ہری چند کو خون میں لت پت حالت میں زمین پر گرا ہوا پایا گیا۔جو دم توڑ چکا تھا۔مذکورہ اہلکار کا تعلق کروکشیتر ہریانہ کے ایک گائوں سے ہے۔ کیمپ میں تعینات ایک اور اہلکار کانسٹیبل رویندر سنگھ ولد چھتر سنگھ ساکن دلدار کپوارہ کا کسی بات کو لیکر ہیڈکانسٹیبل چند ربھان کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا۔ کانسٹیبل رویندر سنگھ آپے سے باہر ہوگیا اور اُس نے اپنے ساتھی کو اپنی سروس رائفل سے نشانہ بنایا اور اس پرپے در پے کئی گولیاں چلائیں ۔ وہاں تعینات دیگر اہلکاروں نے ہیڈ کانسٹیبل کو دبوچ لیا اور اس کی سروس رائفل چھین کر اسے حراست میں لیا۔کانسٹیبل رویندر سنگھ کو گرفتار کرکے پولیس کی تحویل میں دیا گیا ۔اس سلسلے میںپولیس اسٹیشن بانڈی پورہ میں ایف آئی آر زیر نمبر163/17زیر دفعہ302آر پی سی درج کرلیا گیا ۔