سرینگر//بالہامہ پانتہ چھوک معرکہ آرائی میں تباہ ہوئے رہائشی مکان کے ملبے سے قریب36گھنٹوں کے بعدتیسرے جنگجو کی لاش برآمد کی گئی،جس کی شناخت غیر مقامی کمانڈر ابوحماس کے بطور کی گئی ہے۔ جمعرات کی شب بالہامہ میں خونین تصادم آرائی کے دوران4رہائشی مکانات تباہ ہوگئے جبکہ جھڑپ کے اختتام کے بعد2مقامی جنگجوؤں کی نعشیں برآمد کی گئی تھیں۔جاں بحق جنگجوؤں کی یاد میںسنیچر کو بالہامہ اور اس کے مضافات میں مسلسل دوسرے روز مکمل ہڑتال رہی۔ جھڑپ کے دوران تباہ ہوئے رہائشی مکانات کا ملبہ ہٹانے کا سلسلہ سنیچر کو بھی جاری رہا اور اس دوران علاقہ میں ایک مرتبہ پھر اُس وقت سنسنی اور سراسمیگی پھیل گئی جب ایک مکان کا ملبہ ہٹائے جانے کے دوران ایک نوجوان کی لاش برآمد کی گئی۔اس سلسلہ میںپولیس کا کہنا ہے کہ مکان کا ملبہ کھنگالنے کے دوران جس نوجوان کی لاش برآمد کی گئی، وہ جمعرات کو بالہامہ میں ہوئی معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہونے والا تیسرا جنگجو ہے۔سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ضلع سرینگر امتیاز اسمائیل پرے نے کہاکہ پولیس کی ایک پارٹی نے مکان کے ملبہ سے تیسرے جنگجو کی لاش برآمد کی ۔ایس ایس پی سرینگر نے مذکورہ مہلوک جنگجو کی شناخت ابو حماس کے بطور کی اور کہا کہ وہ پاکستان کا باشندہ تھا اور عسکری تنظیم کا کمانڈر تھا۔انہوںنے کہا ’’علاقہ میں احتجاج اورجھڑپ کے مقام پربارودی موادکی موجودگی کے خدشات کے پیش نظرمکانوں کا ملبہ ہٹائے جانے میں وقت لگا۔انہوں نے کہا کہ ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور سنیچروار کی شام تک آپریشن اختتام کو پہنچ جائے گا‘‘۔