مینڈھر//مینڈھر کے بالاکوٹ علاقے میں فوج اور پولیس کی طرف سے ایک مشترکہ تلاشی کارروائی کی گئی۔یہ کارروائی حال ہی میں جموں ایئرپورٹ سے گرفتار ہونے والے نوجوان کے اعتراف کے بعد کی گئی ہے۔پولیس کاکہناہے کہ کویت سے واپسی پر جس نوجوان کو جموں ایئرپورٹ سے گرفتار کیاگیاتھا اس کا تعلق جنگجو تنظیم غزنوی فورس سے ہے اوراسی کی طرف سے کی گئی نشاندہی پر بالاکوٹ کے کئی علاقوں میں فوج کی مدد سے تلاشی کارروائی کی گئی۔اس دوران دھارگلون اور گردونواح کے علاقوں میں محاصرہ کرکے تلاشی کی گئی جس دوران ایک کمین گاہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔برآمد ہوئے اسلحہ میں چار ہتھ گولے،پندرہ پستول روند،دس اے کے سینتالیس روند شامل ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اس علاقے سے اسلحہ کی برآمدگی کا دعویٰ کیاجاتارہاہے اور پولیس نے گرفتار نوجوان کے والد اور بھائی کو حراست میں رکھاجس کے بعد انہیں جیل کی سزا ہوگئی۔دیگر کچھ لوگوں کو بھی گرفتار کیاگیاہے۔ان کے خلاف مینڈھر پولیس تھانہ میں مقدمہ درج کیاگیاہے۔