مینڈھر+مظفر آباد//مینڈھر کے بالاکوٹ سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان آر پار شدید فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجہ میں ایک شہری ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوگئے ۔ بدھ کی صبح 8بجکر 15 منٹ پرفائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہواجس کے دوران کئی مارٹر گولے رہائشی علاقوں میں بھی گرے۔ اس دوران ایک خاتون سمیت دوافراد زخمی ہوئے جن کی شناخت شمیم اختر زوجہ محمد مجید سکنہ تکھ دھراٹی بالاکوٹ عمر 55سال اور رضا احمد ولد کرامت حسین ساکن دھراٹی بالاکوٹ عمر 26سال کے طور پر ہوئی ہے ۔دفاعی ترجمان نے بتایاکہ پاکستانی افواج نے تین گھنٹوں تک فوجی چوکیوں کے علاوہ رہائشی علاقوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ۔ پاکستانی فوج نے سندوٹ، بالاکوٹ، بسونی،دھراٹی، پنجنی ،سہولہ،بھروتی، دیوتہ اور گوہلد سمیت کئی رہائشی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے زورد ار فائرنگ کی ۔دریں اثناء بالاکوٹ میں فاروڈ بسونی میں پرائمری سکول کے اندر کئی بچے اور اساتذہ تین گھنٹے تک بندی بنے رہے اور فوج نے ان کو نکالنے کے بجائے باہر سے گیٹ تالالگادیا۔مقامی لوگوں نے فوج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فوج کو فوری طور بچوں کو باہر نکالنا چاہیے تھا ،اگر اس دوران کوئی حادثہ رونماہوجاتا تو ذمہ دار کون ہوتا۔ادھرپاکستان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔یہ واقعات ضلع کوٹلی کے نکیال سیکٹر میں واقع مختلف دیہاتوں میں پیش آئے جہاں لوگ اپنے روز مرہ کے کاموں میں مصروف تھے۔بھارتی فورسز کی ’شلنگ صبح 7 بجکر 15 منٹ پر شروع ہوئی‘، جس کے باعث شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔بھارتی فورسز کی جانب سے فائر کیا جانے والا ایک شیل بالاکوٹ گاؤں کے ایک مکان پر آگرا جس کی وجہ سے 25 سالہ ملک محمد رزاق ولد عبدالخالق موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعہ میں مقتول کی بہن 35 سالہ ارم بی بی زخمی ہوگئیں۔اسی طرح سیکٹر کے دیگر 3 دیہاتوں میں بھارتی فورسز کی شلنگ سے 45 سالہ غلام فاطمہ زوجہ محمد فاروق، 45 سالہ کلثوم بی بی زوجہ محمود احمد، 40 سالہ کلثوم زوجہ محمد عزیز، 35 سالہ نسرین اختر اور 13 سالہ احسن کریم ولد عبدالکریم زخمی ہوگیا۔یاد رہے کہ 23 ستمبر کو اسی سیکٹر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک 22 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ اس کی چھوٹی بہن اور دیگر دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔رواں ماہ کے آغاز میں عباس پور سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 5 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی تھیں۔گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں نیزا پور سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔