مینڈھر// بالا کوٹ سیکٹرمیں حد متارکہ پر آر پار گولہ باری کے دوران ایک ہی کنبہ کے 5افراد ہلاک جبکہ دیگر 2شدید زخمی ہو گئے ۔ مہلوکین میں والدین اور ان کے تین بیٹے شامل ہیں جب کہ دو بیٹیاں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ گولہ باری میں کم از کم 5 فوجی اہلکار بھی زخمی ہوئے ۔ پولیس نے بتایا کہ اتوار کی صبح 8بجے کے قریب حد متارکہ پر قائم سکو ت اس وقت ٹوٹ گیا جب دونوں طرف سے اچانک بھاری فائرنگ اور گولہ باری شروع ہو گئی۔ پاکستانی فوج کی جانب سے مینڈھر سب ڈویژن کے پنجنی، دراتی، بھروٹی، سوالہ، سنڈوت، بہروٹ، بسونی اور دیوتاسمیت کئی دیہات کو نشانہ بنا یا گیا ۔اس دوران دھار گلون مینڈھر کے دیوتا گائوں میں ایک گولہ ایک کچے مکان کی رسوئی میں جا گرا جہاںمالک مکان، اس کی اہلیہ اور تین فرزند موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے جب کہ دو بیٹیاں شدید زخمی ہو گئیں۔ محلے داروں نے زخمی لڑکیوں کو موٹر سائیکلوں پر کسی طرح مقامی ہسپتال تک پہنچایا۔مہلوکین کی شناخت 45سالہ محمد رمضان ولد رحمت اللہ ، اس کی 40سالہ اہلیہ ملکہ بی، 19سالہ محمد رحمان، 18سالہ محمد رضوان اور 8سالہ رزاق رمضان شامل ہیں۔ 14سالہ نورین اختر اور 7سالہ مہرین اختر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا لیکن ان کی حالت بدستور نازک بنی ہوئی ہے جس کے پیش نظر انہیں ایک فوجی ہیلی کاپٹر میں جموں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ اس دوران بالاکوٹ میں5فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ، وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔