اشفاق سعید
سرینگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق پیر کی علی ا لصبح سے وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں، لداخ، کشتواڑ، ڈوڈہ اور راجوری پونچھ کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج ہوئی۔دریں اثنا ء جموں سرینگر قومی شاہراہ،شوپیان کو پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل اور سنتھن روڈ، گریز اور لداخ شاہرائیں برف باری کے باعث ٹریفک کی نقل وحمل کو عارضی طورپر بند کردیا گیا۔وادی کشمیر کے بالائی و میدانی علاقوں میں بارشیں ہو رہی ہیں ۔ گزشتہ شب رازدان ٹاپ اور آس پاس کے علاقے، پیر کی گلی، زوجیلا، سونمرگ ، گلمرگ، پہلگام ، سادھنا ٹاپ ، بنگس وادی سمیت دیگر بالائی مقامات پر برفباری ہوئی۔دریں اثناء پیر کی صبح سے ہی وادی اور جموں کے بیشتر حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کپوارہ ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، بڈگام ، گاندربل ، پلوامہ ، شوپیان ، کولگام اور اننت ناگ کے میدانی علاقوں میں دن بھر بارشیں ہوتی رہیں ۔
برفباری
والی شا ہراہ بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دی گئی ، کیونکہ رازدان ٹاپ پر تازہ 5انچ برف جمع ہوئی ۔معلوم ہوا ہے کہ مغل شاہراہ پر پیر کی گلی کے مقام پر بھی درمیانی شب برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جس وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل کو روک دیا گیا ۔سرکاری ذرائع کے مطابق شاہراہ پر پھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور شاہراہ پر تازہ 7انچ برف جمع ہے ۔ادھر کپواڑہ انتظامیہ نے اس وقت کرناہ شاہراہ کو اختیاطی طور پر بند کرنے کے احکامات صادر کئے جب شاہراہ پر تازہ 8انچ برف جمع ہو گئی جس کے نتیجے میں فوج نے کپوارہ سے کرناہ جا رہی ایس آر ٹی سی بس کو بھی ریسکو کر کے سادھنا ٹاپ پر پہنچایا ۔گاڑی میں 30سے زیادہ مسافر سوار تھے ۔جبکہ کیرن کپوارہ اور مژھل کپواڑہ شاہرائوں پر گاڑیوں کو آمد ورفت جاری رہی۔کپوارہ کے بنگس ، راگنی ، ٹی پی او ر شمس بری پہاڑی سلسلے بھی برف کی سفید چادر میں لپٹ چکے ہیں ۔کپوارہ انتظامیہ نے مختلف نالوں/دریاؤں کے اطراف میں رہنے والے رہائشیوں کیلئے موسم کی ایڈوائزری جاری کی ہے ۔ ایڈوائزری میں موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک ان علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ادھر کولگام کے نندی مرگ ، اہربل ،زمتتھل ، ترانجن نونہ کھل ، بڑی بہک ،زبحی مرگ ، چھرن بل ، کونسرناگ اور دیگر مقامات پر 2انچ سے4انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی ۔سنتھن ٹاپ کوکر ناگ پر دوپہر تک 7انچ برف جمع ہو چکی تھی۔دراس کرگل میں بھی تین انچ برف پڑی، جبکہ زوجیلا میں اچھی خاصی برف گری۔ گلمرگ کے افروٹ پہاڑی سلسلہ پر پیر کی صبح پہلے ہلکی اور بعد میں درمیانہ درجے کی برف باری ہوئی۔کنگہ ڈوری میںبرف باری کی وجہ سے سفید چادر بچھ گئی ۔ وادی بنگس میں تین انچ برف گری۔سونہ مرگ میں بھی پیر کی صبح سے برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔ پہلگام کے ساتھ ساتھ امر ناتھ گھپا، مہا گنس، پسو ٹاپ، پنجترنی اور دودھ پتھری سیاحتی مقامات پر بھی پیر کے روز اس موسم کی پہلی برف باری ہوئی ۔ادھر جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال سے چھ کلو میٹر دور شالگڑی کے مقام پر بارشوں کے نتیجے میں پسیاں اور پتھر گر آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل حرکت مختصر وقت کیلئے معطل رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی ۔تاہم رات گئے 12بجے کے قریب کیپٹیریا موڑ رام بن میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں بھاری پسیاں سڑک پر گر آئیں جس کے نتیجے میں قومی شاہراہ بند ہو گئی۔آکری اطلاعات ملنے تک پسیاں گر آنے کا سلسلہ جاری تھا اور شب کی تاریکی اور مسلسل بارشوں کے نتیجے میں سڑک کی بحالی کا کام شروع نہیں ہو پایا تھا۔مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹوں سے شاہراہ کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے بعد ہی شاہراہ پر صفر کیلئے نکلیں۔
محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ منگل کی دوپہر تک جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارش/برفباری کی توقع ہے۔ اور چند بالائی علاقوں میں شدید برف باری ہو سکتی ہے۔ گلمرگ میں 85 فیصد، سونمرگ میں 85 اور پہلگام میں 55 فیصدبرف باری کے امکانات ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں زیادہ تر مقامات پر درجہ حرارت 14 ڈگری سلسیش سے نیچے رہ سکتا ہے اور جموں خطے میں بھی دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔جموں سرینگر شاہراہ پر پتھراؤ/ لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ لیہہ اور کرگل اضلاع میں کل تک ہلکی سے درمیانی برف باری ہوسکتی ہے۔
بارشیں ریکارڈ
کشمیر کے مقابلے میں جموں میں زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں ۔پیر کو جموں ضلع میں 56.8ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ۔ سرینگر میں 9.8ملی میٹر ، قاضی گنڈ میں 18.6ملی میٹر ، پہلگام میں 1.8ملی میٹر ،کپوارہ میں 6.4ملی میٹر ،کوکرناگ میں 14.6ملی میٹر ،گلمرگ میں 9.6ملی میٹر ، جموں میں 56.8ملی میٹر ، بانہال میں 28.2ملی میٹر ، بٹوٹ میں 27.4ملی میٹر ، کٹرہ میں 32.9ملی میٹر اوربھدرواہ میں 37.2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔