سرینگر//وزیر برائے باغبانی ، سیدبشارت بخاری نے کولگام ضلع کا مفصل دورہ کر کے حالیہ ژالہ باری کے سبب ضلع میں باغبانی شعبے کو ہوئے نقصانات کا جائیزہ لیا ۔ وزیر کے ہمراہ رکن پارلیمان نذیر احمد لاوے ، ارکان اسمبلی نور محمد ، عبدالمجید پڈر ، ناظم باغبانی اور محکمہ کے اعلیٰ افسران تھے ۔ وزیر نے اپنا دورہ برزلو کولگام سے شروع کیا اور وہاں باغ مالکان کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے حالیہ ژالہ باری میں میوہ باغات کو ہوئے نقصان کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی مانگیں ترجیحی بنیاد پر پوری کی جائیں گی اور انہیں اس شعبے کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے کہا تا کہ باغبانی شعبے کو فروغ حاصل ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد حالیہ ژالہ باری میں میوہ باغات کو ہوئے نقصانات کا موقعہ پر جائیزہ لینا ہے تا کہ بعد میں یہ معاملہ معاوضہ کی فراہمی کیلئے وزیر اعلیٰ کے ساتھ اٹھایا جا سکے ۔وزیر نے افسران پر زور دیا کہ وہ میوہ باغات کو ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے کریں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے متعلقہ حکام کو نقصانات کو کم کرنے کیلئے باغ مالکان کی جانکاری کے مقصد سے ایڈوائیزری جاری کرنے اور لوگوں کی تکنیکی رہنمائی اور لاجسٹک مدد دستیاب رکھنے کیلئے اپنے عملے اور مشینری کو متحرک کرنے کی ہدایت دی ۔