عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// عید الاضحی کے یوم عرفہ کے ایک دن پہلے سے شہر سرینگر کے علاوہ شمالی کشمیراور جنوبی کشمیر کے ساتھ ساتھ وسطی کشمیر کے بازاروں کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں لوگوں کی بھیڑ امڈ آئی جنہوں نے عید الاضحی کے پیش نظر مختلف اشیاء کی خریداری کی ۔لوگوں کی بڑی تعداد نے بیکری اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری کی۔
بھاری عوامی رش کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سرینگر کے گونی کھن، مہاراجہ بازار،بٹہ مالو، اور دیگر علاقوں کے بازاروں میں تل دھرنے کو جگہ نہیں تھی کیونکہ سڑکوں پر جگہ جگہ پر چھاپڑی فروشوںنے چھاپڑی لگائی تھی جن پر ملبوسات کے ساتھ ساتھ کھلونے کی چیزیں سجائی گئی تھی۔ قصابوں کے دکانوں پربھی لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملی اور وہ لوگ گوشت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔کئی مقامات پر ٹریفک جام دیکھنے کوملاجس کی وجہ سے پیدل سفر کرنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر وادی کے دیگر اضلاع جن میںکپوارہ ، بارہمولہ ، شوپیان ، بانڈی پورہ ، پلوامہ ،ترال ،سوپور اورکپوارہ کے بازاروں میں بھی لوگوں کارش دیکھنے کو ملا جہاں لوگ جن میں خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی ،اشیائے ضروریہ اور خوردنوشی کے دیگر چیزوں کی خریداری میں مصروف تھے۔