سری نگر// تہاڑ جیل میں مقید سینئر علیحدگی پسند راہنما شبیر احمد شاہ کی بیٹی سماء شبیر شاہ نے سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے زیر اہتمام منعقدہ بارہویں جماعت کے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جموں وکشمیر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔سماء دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس اتھواجن میں زیر تعلیم تھیں۔ سماء کا کہنا ہے کہ اْن کی کامیابی اْن کے جیل میں مقید والد کے لئے تحفہ ہے۔ سماء شبیر شاہ نے 97 اعشاریہ 8 فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں۔ سماء نے سری نگر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اْن کی کامیابی اْن کے جیل میں مقید والد کے لئے تحفہ ہے۔ ان کا کہنا تھا ’بارہویں جماعت کے لئے پڑھائی کا وقت بہت مشکل رہا۔ انہوں نے کہا’بابا جیل میں تھے اور مما کے نام پر بھی سمن جاری ہوا تھا۔ میں اور میری چھوٹی بہن گھر میں اکیلے رہتے تھے۔ میری کامیابی کی وجہ سخت محنت ہے۔ بابا ہمیشہ میرے آئیڈیل رہے ہیں۔ ان سے میں ہمیشہ تحریک و ترغیب حاصل کرتی آئی ہوں۔ میرے بابا 31 سال جیل میں رہے ہیں۔ میں نے سوچا کہ میں اپنی کامیابی انہیں اپنے تحفے کے طور پر دوں گی۔ میری یہ کامیابی بابا کے لئے تحفہ ہے۔ ان کو ابھی پتہ بھی نہیں ہوگا کہ میری بیٹی کتنے نمبرات کے ساتھ پاس ہوئی ہے۔ جب انہیں معلوم ہوگا تو انہیں فخر محسوس ہوگا‘۔ واضح رہے کہ سی بی ایس ای نے بارہویں جماعت کے امتحانات 5 مارچ سے 13 اپریل کے درمیان منعقد کئے تھے۔ امتحانات میں 83 اعشاریہ ایک فیصد طلباء نے کامیابی حاصل کی ہے۔