بارہمولہ //ورمل سیول سوسائٹی کی جانب سے سنیچر کو شیروانی میموریل ہال میں 'یوم ورمل'تقریب کاانعقاد ہوا ،جس دوران سماج کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینی والے11افراد کو'ستارہ زینت' اور40سے زیادہ افراد کو اسناد سے نوازا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار (آئی اے ایس ) بطورمہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ جموں وکشمیرپولیس کے ڈپٹی انسپکٹرجنرل شمالی کشمیرسجیت کمار(آئی پی ایس )اورایس ایس پی بارہمولہ محمد رئیس بٹ تقریب میں بطورمہمانان ذی وقار تھے ۔ تقریب کامقصد ضلع بارہمولہ کی اْن سرکردہ شخصیات کی عزت افزائی کرنا تھا جنہوںنے سماج کے مختلف شعبوں میں گراں قدرخدمات انجام دی ہیں جبکہ ایسے تین درجن سے زیادہ افرادکوبھی توصیفی اسناد سے نوازا گیا جو اس وقت اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے اپنے خطاب میں منتظمین کی تعریف کی اور کہا کہ یہ ایک بہت اہم تقریب ہے جو ان کی خدمات کو تسلیم کرنے کے لیے منعقد کی گئی ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہر سٹیک ہولڈر کو اپنے کردار کی شناخت کرنی چاہئے اور معاشرے کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ سیول سوسائٹی کے چیئرمین انجینئرطارق احمدمغلو نے تمام شرکت کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے بتایاکہ ہرسال یوم ورمل تقریب کااہتمام اسی تاریخ کوکیاجائے گا۔ تقریب میں پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ ڈاکٹر روبی ریشی ، ضلع انفارمیشن آفیسر بارہمولہ مدثر چودھری اور دیگر افسر ان کے علاوہ ضلع کی دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔