فیاض بخاری
بارہمولہ// مرکزی وزیر داخلہ کے وادی دورے کے پیش نظرسیکورٹی کو سخت کردیا گیا ہے۔امیت شاہ بارہمولہ میں 2گھنٹے کیلئے قیام کریں گے۔ انکا شیڈول 12بجے سے ایک بجے تک ہے جس میں وہ عوامی جلسہ سے خطاب کرنے کے علاوہ ضلع پولیس لائنز میں دوپہر کا کھانہ کھائیں گے۔بارہمولہ میں عوامی جلسے کے پیش نظر بارہمولہ بڈگام ریل سروس خدمات کو بدھ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مرکزی وزیرداخلہ طے شدہ شیڈول کے مطابق شوکت علی اسٹیڈیم بارہمولہ میں صبح ساڑھے 12بجے کے قریب ریلی کی جگہ پر پہنچیں گے۔۔عوامی اجتماع میں لوگوں کی شرکت ممکن بنانے کیلئے لوگوں کو لانے اور لیجانے کیلئے ٹرانسپورٹ انجمنوں سے رابطہ قائم کیا گیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ لوگوں کو صبح 9بجے سے ہی لوگوں کو سٹیڈیم لانے کا آغاز کریں۔جلسہ کے بعد وزیر داخلہ پولیس لائنز بارہمولہ میںجوانوں اور افسران کیساتھ دوپہر کا کھانا کھائیں گے۔ وزیر داخلہ اسکے بعد سرینگر روانہ ہونگے جہاں وہ سیکورٹی کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کریں گے جس میں امن و امان کی صورتحال کے علاوہ سرحدی علاقوں میں دراندازی کی نقل و حرکت اور مسلح تصادم آرائیوں کے بارے میں انہیں جانکاری دی جائیگی۔اسکے علاوہ امیت شاہ مختلف طبقوں سے وابستہ وفود سے ملاقات کریں گے اور کئی تعمیراتی منصوبوں کا سنگ بنیار رکھنے کے علاوہ ان کا افتتاح بھی کریں گے۔وزیر داخلہ شام 5بجے واپس نئی دہلی کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔ڈگری کالج بارہمولہ سے متصل اسٹیڈیم کے گردونواح میں سیکورٹی کے دستے تعینات کئے گئے ہیں جبکہ بدھ کومقام ریلی کے سامنے سے گزرنے والی شاہراہ سے عام ٹریفک کی نقل وحمل بندرہے گی۔سرینگر،بارہمولہ شاہراہ پر گاڑیوں ،موٹر سائیکلوں اورراہگیروں کی تلاشی کا سلسلہ بھی دراز کیا گیا اور شاہراہ پر جگہ جگہ ناکے لگا کر صورتحال پر قریب سے نگاہ رکھنے کیلئے اضافی دستوں کو تعینات کیا گیا۔بارہمولہ،کپوارہ شاہرا پر بھی فورسز اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے گشت میں اضافہ ہوا۔ادھر حکام نے منگل کو کہا کہ بارہمولہ اور بڈگام سیکشن کے درمیان ٹرین سروس 5 اکتوبر کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بارہمولہ میں عوامی ریلی سے خطاب کے پیش نظر معطل رہے گی۔ایک بیان کے مطابق بارہمولہ اور بڈگام سیکشن کے درمیان ٹرین سروس بارہمولہ کے وی وی آئی پی کے دورے کے سلسلے میں معطل رہے گی۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹرین سروس کو معطل کر دیا گیا ہے۔
شاہ کی ویشنو دیوی مندر پر حاضری
نیوز ڈیسک
جموں// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو مہا نومی تہوار کے موقع پر ریاسی ضلع میں تریکوٹہ پہاڑیوں پر واقع مشہورویشنو دیوی مندر کا دورہ کیا اور پوجا پاٹھ کیا۔حکام نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور مرکزی وزیر جتیندر سنگھ کے ساتھ وزیر داخلہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے سنجی چھٹ پہنچے تاکہ نو روزہ نورات کی تقریبات کے اختتامی دن مزار پر حاضری دی جاسکے۔مندر پر جانے سے پہلے شاہ نے ایک ٹویٹ میں مہا نومی تہوار پر ملک کے لوگوں کو مبارکباد دی۔حکام نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے دورہ کے پیش نظر مندر پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔عہدیداروں نے بتایا کہ ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے سینئر افسران بشمول اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انشول گرگ اور سرکردہ لوگوں اور مذہبی رہنماں نے ان کا استقبال کیا۔