عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ//لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہا نے جمعہ کو ضلع بارہمولہ کے اسپریشنل بلاک سنگھ پورہ میں سنکلپ سپتاہ کے دوران ’’ ربیع مہم ۔ ربیع فصلوں کی بوائی ‘‘ کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں کسانوں کو مُبارک باد پیش کی اوراَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ تیل کے بیجوں اور دالوں میں خود کفالت کے لئے پیداوار کو بڑھانے کی خاطر اہم انپٹس ، کھادوں کی بروقت فراہمی ، جدید ٹیکنالوجیوں کی سہولیت کو یقینی بنائیں۔ لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ گزشتہ ربیع سیزن کے دوران صوبہ کشمیر میںپہلی بار زرد اِنقلاب دیکھنے میں آیا تھا اور 1.4 لاکھ ہیکٹر رقبہ کو سرسوں کی کاشت کے تحت لایا گیا تھا ۔اُنہوں نے کہا کہ ربیع 2020-21ء تک تقریباً70 فیصد قابل کاشت زمین ربیع سیزن میں بنجرر ہتی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ2022-23ء میں کسانوں نے 2,027 میٹرک ٹن کی ربیع فصلوں کی کٹائی کی جس سے 5,000 کروڑ روپے کی تخمینہ آمدنی حاصل ہوئی۔ لیفٹیننٹ گورنرنے کہا ،’’ یہ زراعت اور اس سے منسلک شعبے کے لئے سنہری دور ہے۔ مجھے یقین ہے کہ زرعی شعبے میں تیز رفتار ترقی’’ وکست بھارت‘‘ کے ویژن میں مدد ملے گی۔‘‘اُنہوں نے زرعی شعبے پر’ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی)‘ کے اہم اثرات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انقلابی اقدام کے تحت جموں و کشمیر کے کسانوں کوحوصلہ اَفزائی کی جارہی ہے کہ وہ زرعی شراکت دار میں شامل ہوں اوراَپنی ضروریات کے مطابق ملک بھر میں دستیاب اختراعی اوردیرپا حل کا اِستعمال کریں۔لیفٹیننٹ گورنرنے مزید کہا کہ کسانوں کو خدمات اور ضروری معلومات کی دہلیز پر فراہمی کے لئے تکنیکی اقدامات سے ایک دیرپا میکانزم بھی تیار کیا جا رہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِفتتاحی تقریب میں اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ ہر پنچایت میں پرائمری ایگریکلچر کریڈٹ سوسائٹیوں کے قیام کے لئے کوششیں کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کسٹم ہائرنگ سنٹر کا افتتاح کیا اور مختلف سکیموں کے تحت مستفید ہونے والوں کو منظوری نامے سونپے۔ اُنہوں نے کسانوں، زرعی صنعت کاروں اور سرکاری محکموں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا بھی دورہ کیا۔