سرینگر//بارہمولہ میں تیز رفتار موبائیل انٹرنیٹ سہولیات گزشتہ ایک ہفتے سے معطل رہنے سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بڈگام میں تین روز تک منقطع رہنے کے بعد یہ خدمات بحال کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق 6اکتوبر جمعہ کو جب وادی بھر میں خواتین کی گیسوتراشی کے واقعات کو لیکر سوشل میڈیا پر مختلف پیغامات کی ترسیل اپنے زوروں پر تھی، تو حکام نے پہلے سرینگر اور بڈگام اور بعد میں پوری وادی میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات منقطع کردیں۔یہ خدمات اتوار8اکتوبر کی شام بحال کی گئیں، تاہم بارہمولہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں تب سے تیز رفتار انٹر نیٹ سہولیات بدستور معطل ہے۔ایک مواصلاتی کمپنی کے سینئر ایگزیکٹیو نے بتایا کہ بارہمولہ میں4Gموبائیل انٹرنیٹ سروس مکمل طور بند ہیں اور3Gخدمات کی رفتار کافی حد تک کم کرکے محدود کردی گئی جبکہ فی الوقت صرف2Gسروس چالو ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ قدم سرکاری احکامات کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تیز رفتار انٹرنیٹ سروس بند رہنے سے خاص طور پر کاروباری اشخاص اور طلبہ کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس کے علاوہ مختلف شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد کو بھی اپنا معمول کا کام انجام دینے میں مشکلات درپیش ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ اگر پوری وادی میں تیزرفتار انٹر نیٹ سروس چالو ہے تو صرف بارہمولہ میں اسے بند کئے جانے کا کیا جواز ہے۔ادھر وسطی ضلع بڈگام سے ملی اطلاع کے مطابق بدھ کی شب ضلع بھر میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات بحال کی گئیں۔نمائندے کے مطابق یہ خدمات پیر کو دو گرہوں کے درمیان زمین کے ایک ٹکڑے کشیدگی کے پیش نظر منقطع کی گئی تھیں، تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ اب حل کرلیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ضلع میں اس سے قبل زُلف تراشی کے واقعات کو لیکر تیز رفتار انٹر نیٹ سروس بند رکھی گئی تھی۔پولیس کے ایک آفیسر نے بتایا کہ صورتحال میں بہتری کے بعد اب یہ پابندی ہٹادی گئی ہے۔