فیاض بخاری
سرینگر// پولیس نے رواں سال کے دوران بارہمولہ ضلع میں 54 انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ منشیات سمگلروں کے خلاف انسداد منشیات ( NDPS) ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔بارہمولہ پولیس نے منشیات کی سمگلنگ کے خلاف جاری آپریشن میں اور معاشرے سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے ضلع میں 54 منشیات فرشوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لا کر انہیں مختلف جیلوں میں بند کیا ہے۔ پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران جموں و کشمیر کے یہ سخت گیر منشیات فروش ضلع کے اوڑی، پٹن، بارہمولہ، کریری اور ٹنگمرگ سب ڈویژنوں میں کام کر رہے تھے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان منشیات سمگلروں کے خلاف بہت سے مقدمات درج ہیں اور یہ ضلع کے مقامی نوجوانوں کو منشیات فراہم کرکے منشیات کے استعمال کو فروغ دینے میں ملوث تھے۔پولیس نے کہا کہ متعدد ایف آئی آر میں ملوث ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی سرگرمیوں کو درست نہیں کیا اور دوبارہ مقامی نوجوانوں کو منشیات فراہم کرکے اسکے استعمال کو فروغ دینے میں ملوث رہے۔منشیات فروشوں کے خلاف مسلسل کارروائی سے زمینی صورتحال اور بارہمولہ ضلع میں منشیات کے استعمال میں کافی کمی آئی ہے۔پولیس نے عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشوں کی معلومات کے ساتھ آگے آئیں،شناخت کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا، تاکہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پولیس کا ساتھ دیا جا سکے۔ پولیس نے رواں سال ابتک 320سے زیادہ منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لائی ،اور 210سے زیادہ کیس مختلف پولیس تھانوںمیں درج کئے ۔ منشیات کے سمگلروں کی لاکھوں روپے کی جائیداد بھی ضبط کی گئی ہے۔ پولیس نے پٹن، کریری اور کمل کوٹ علاقوں میں2مکانات، 2 گاڑیاں اور 41.72 لاکھ روپے کی دیگر جائیداد شامل ہیں۔