حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کے تعلیمی اداروں میں سے ایک اہم درسگاہ، مڈل اسکول منڈی، گزشتہ دو تین دنوں سے جاری موسلا دھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں شدید متاثر ہوا ہے۔ اسکول کی عمارت کے دو کمرے زمین بوس ہو چکے ہیں جس کے باعث طلباء، اساتذہ اور مقامی عوام مستقل خطرے سے دوچار ہیں۔اس افسوسناک صورتحال کی اطلاع اسکول کے اسٹاف ممبران نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کو دے دی ہے۔اسکول کے انچارچ ہیڈ ٹیچر نے بتایا کہ عمارت کی بگڑتی حالت نہ صرف تعلیمی عمل میں رکاوٹ ڈال رہی ہے بلکہ بچوں کی جانوں کے تحفظ پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کر رہی ہے۔اس موقع پر سابقہ سرپنچ منڈی، مبشر حسین بانڈے نے حکومت سے پْر زور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’ضروری ہے کہ مڈل اسکول منڈی کو فوری طور پر کسی محفوظ عمارت میں منتقل کیا جائے تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے اور معصوم بچوں کا تعلیمی سلسلہ بھی متاثر نہ ہو۔مقامی عوام کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ صورتحال کسی بڑے حادثے کو جنم دے سکتی ہے، لہٰذا حکومت اور محکمہ تعلیم سے فوری عملی قدم اٹھانے کی اپیل کی جا رہی ہے۔