محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان قریب نصف درجن مقامات پر یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل شاہراہ پر پیر کی صبح سے ہی گاڑیوں کی دو طرفہ آمدورفت مجموعی طور جاری رہی تاہم ڈھلواس کے مقام شاہراہ پر گر ائے ملبے اور کیچڑ کو صاف کرکے شاہراہ کو ٹریفک کے قابل بنانے کیلئے گاڑیوں کی آمدورفت کم ازکم دو گھنٹے تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن روہت بسکوترا نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ پچھلے کئی روز کی بارشوں اور برفباری کی وجہ سے ڈھلواس ، مہاڑ ، کشتواڑی پتھر شیر بی بی اور شالگڑی کے مقامات پر شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور موسم کی بہتری کے ساتھ ہی ان جگہوں کو کشادہ کرکے دو طرفہ ٹریفک کے بنانے کی کارروائی کے تحت گاڑیوں کا وقفہ لیکر کیچڑ اور ملبے پر مشتمل ڈھلواس کی پسی کو ایک بڑی اور ایک چھوٹی گاڑی کے گذرنے کے قابل بنایا گیا ہے اور اور ڈیڑھ گھنٹے تک بند رہنے کے بعد ٹریفک بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ رام بن سے مشاورت کرنے کے بعد شاہراہ کے مزید یکطرفہ مقامات کو دوطرفہ ٹریفک کے قابل بنانے کی کوشش ہوگی۔ انہوں نے کہا شاہراہ کے ناشری اور بانہال کے درمیانی سیکٹر میں بانہال اور شیر بی بی کا علاقہ برفباری کیوجہ سے گاڑیوں کی پھسلن کا باعث بنا ہوا ہے اور گزشتہ روز بھی ناچلانہ ، شیر بی بی ، چملواس اور رتن باس کے علاقے میں گاڑیاں پھنستی رہیں اور نمک اور یوریا کھاد ڈال کر یہاں ٹریفک کو رواں کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک روہت بسکوترا نے مزید کہا کہ شاہراہ پر واقع بانہال کے شالگڑی کے مقام پچھلے کئی روز سے وقفے وقفے سے پتھروں کے گرنے کا سلسلہ ہیر کے روز بھی جاری رہا اور وہاں تعینات فورلین کمپنی کی مشینری گرتے پتھروں اور ملبہ صاف کرنے کے کام کیلئے تیار رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کا استعمال کرنے والے تمام گاڑی والوں خصوصاً چھوٹی مسافر گاڑی والوں سے ایکبار پھر اپیل کی کہ وہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں شاہراہ پر چلتے وقت اوور ٹیکنگ نہ کریں اور سفر کے دوران قطاروں میں چلیں اور جموں و کشمیر ٹریفک ہیڈکوارٹر اور نیشنل ہائے وے ٹریفک ہیڈکوارٹر رام بن کی طرف سے جاری کئے جانے والے احکامات پر سختی سے عمل کر یں تاکہ قیمتی انسانی جانوں ، وقت اور جرمانوں کے بجائے ٹریفک کے ایک اچھے معاشرے کیلئے خود کو ثابت کریں۔