گاندربل//گاندربل کی بیشتر سڑکوں کی خستہ حالت کے نتیجے میں سرکار کے تئیں لوگوں میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ بارسو مانسبل اورصفاپورہ مانسبل جیسی اہم رابطہ سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ ہونے کی وجہ سے مانسبل جھیل اور پارک سے لطف اندوز ہونے والے سیاحوں کوسخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بارسو سے مانسبل تین کلومیٹر سڑک پر جگہ جگہ کھڈ بن چکے ہیں جو بارشوں کے دورا ن جھیل کی صورت اختیار کرتے ہیں ۔ایسی ہی ابتر صورتحال صفاپورہ سے مانسبل تک تین کلومیٹر سڑک کا بھی ہے جو ناقابل آمدورفت ہے ۔ پچھلے کئی برسوں سے ان سڑکوں کی مرمت بھی نہیں کی گئی ہے جس کے نتیجے میں کئی دیہات جن میں ینگورہ،چک ینگورہ،سینک کالونی،بابا سالنہ،کوندہ بل،گرٹہ بل،کوہستان کالونی،تریسوسمیت مانسبل سینک سکول آنے جانے والے لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق ٹرانسپورٹروں نے اب ان سڑکوں پر آمدورفت کا سلسلے تقریباً ترک ہی کردیا ہے ۔مقامی لوگوں نے سرکار بالخصوص تعمیرات کے وزیر نعیم اختر سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔