عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حالیہ بادل پھٹنے کے واقعات کے پیش نظر، ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر (ڈی ای ایس کے ) نے تمام چیف ایجوکیشن آفیسروں اور اسکولوں کے سربراہوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران طلباء اور عملے کے تحفظ کے لیے حفاظتی پروٹوکول کو سختی سے نافذ کریں۔اس تناظر میں محکمے کی طرف سے جاری ایک ایڈوائزری میں خاص طور پر ان علاقوں جہاں قدرتی آفات کے زیادہ خطرات رہتے ہیں، کے اسکولوں کے سربراہوں سے زیادہ چوکس رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ایڈوائزری میں دریاؤں، ندی نالوں اور جھیلوں کے قریب واقع اسکولوں کے سربراہوں سے کہا گیا ہے کہ وہ طلبا، عملے اور اسکول انفراسٹرکچر کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے احتیاطی تدابیر کریں۔ان سے کہا گیا ہے کہ وہ پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی، انخلاء کے منصوبوں کی اچھی مشق، اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اسکولی عملے کے درمیان تال میل سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں طلبا کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے جموں کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔یو این آئی