عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حلقہ انتخاب زیڈی بل میں نیشنل کانفرنس کی منشیات مخالف جنگ اور نوجوانوں کو کھیل کود کی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کی مہم جاری رکھتے ہوئے پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق (انچارج کانسچونسی زیڈی بل) نے جے کے پی سی سی کالونی اور ڈی ڈی باغ بادام واری میں نوجوانوں میں سپورٹس کٹس تقسیم کئے۔ یاد رہے کہ موصوف وقفے وقفے سے حلقہ انتخاب میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پیش پیش رہتے ہیں اور ابھی تک انہوں نے حلقہ انتخاب زیڈی بل میں62علاقوں میں باری باری نوجوانوں میں کھیل کود کے سامان کے کٹس فراہم کئے۔ نوجوان کھلاڑیوں میں کرکٹ کٹس اور دیگر سامان تقسیم کرتے ہوئے تنویر صادق نے نوجوان کھلاڑیوں کے خوابوں کو پورا کرنے میں مدد کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے وہاں موجودہ نوجوانوں کو ’’کھیلوں کو ہاں اور غیر سماجی سرگرمیوں کو نا‘‘ کہنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں مشغول رہنا ہماری نئی نسل کو نقصان دہ اثرات سے دور رکھ سکتا ہے۔تنویر نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے ان کا عزم سماج مخالف سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی اور نوجوانوں میں اچھے رویے اور سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔