لندن/کرونا وائرس کے باعث پاکستانی سٹار بلے باز بابر اعظم کی انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی۔برطانیہ میں موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستانی کرکٹر سمرسیٹ کاؤنٹی کرکٹ کے ساتھ معاہدے کے مطابق وہ 28 مئی سے لے کر 3 جولائی تک دستیاب ہوں گے اور اس دوران وہ ٹی ٹونٹی بلاسٹ سمیت کاونٹی چیمپئن شپ کے میچز میں شکرکت کرنے کے اہل ہوں گے لیکن انگلش کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث یکم جولائی تک ملک میں ہونے والی کرکٹ کی تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ہونے والی سیریز کے بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جس کا آغاز جولائی میں ہو رہا ہے۔یاد رہے کہ بابر اعظم گزشتہ برس سمرسیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں 52.4 کی اوسط سے 578 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے تھے جس میں ہیمپشائر کے خلاف 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی شامل تھی۔پاکستان انڈر 19ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے پہلا بین الاقوامی میچ 31مئی 2015ء کو قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں زمبابوے کیخلاف کھیلا تھا۔