عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// ایک اہم پیش رفت میں تھنہ منڈی پولیس نے ایک بدنام زمانہ دھوکہ باز، جاوید اقبال طاس، ولد محمد اشرف، سکنہ بھنگائی، تحصیل تھنہ منڈی، ضلع راجوری، کو اے ٹی ایم فراڈ کے متعدد معاملات میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم معصوم لوگوں کو رقم نکالنے میں مدد کے بہانے ان کے اے ٹی ایم کارڈز کی تبدیلی کا جھانسہ دے کر لوٹ لیتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم جاوید اقبال طاس نے حال ہی میں طاہرہ پروین زوجہ محمد الیاس سکنہ ساج کو 17,000 روپے کا دھوکا دے کر لوٹ لیا۔ پولیس نے تھانہ پولیس تھنہ منڈی میں ایف آئی آر نمبر 146/2024 U/s 303(2)، 318(4) BNS کے تحت ملزم جاوید اقبال طاس، ولد محمد اشرف کو گرفتار کر کے کاروائی شروع کردی ہے۔ وہیں ایک اور کیس میں، اس نے نذیر حسین ولد وزیر حسین ولد ڈنہ ہسپلوٹ تھنہ منڈی کو اپنا اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کرکے 16,400 روپے نکال لئے جس کے لئے ایف آئی آر نمبر 109/2024 U/s 420/34 IPC کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران ملزم نے اپنی جعلسازی کا اعتراف کیا اور اس کے قبضے سے مختلف متاثرین کے کل 11 اے ٹی ایم کارڈز برآمد ہوئے ہیں جس سے اس کی مجرمانہ کارروائیوں کی حد کا پتہ چلتا ہے۔ تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ جاوید اقبال طاس نے دیگر اضلاع میں بھی اسی طرح کی دھوکہ دہی کی سرگرمیاں انجام دی ہیں، جس سے اس کے دھوکہ دہی کے وسیع پیمانے پر ملوث ہونے کے شبہات ظاہر ہوئے ہیں۔ پولیس مزید متاثرین اور ملزمان سے منسلک مقدمات کو بے نقاب کرنے کے لیے اپنی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے جس کے تحت سخت سے سخت قانونی کارروائی کی توقع ہے۔ اس موقع پر ضلع پولیس راجوری نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اے ٹی ایم خدمات کا استعمال کرتے ہوئے چوکس رہیں اور اس طرح کی دھوکہ دہی کی اسکیموں کا شکار ہونے سے بچنے کے لئے صرف مجاز اہلکاروں سے ہی مدد لیں۔