جاوید اقبال
مینڈھر//ٹیکسی یونین مینڈھر کے ارکان نے اے آر ٹی او پونچھ کے خلاف سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ دفتر کے باہر موجود ایجنٹوں کے ذریعے ڈرائیور طبقہ اور گاڑیوں کے مالکان سے مبینہ طورپر ناجائز رقم وصول کی جا رہی ہے۔ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹیکسی یونین مینڈھر نے اُسے گاڑی مالکان اور ڈرائیور طبقہ کے ساتھ سراسر ناانصافی قرار دیا۔یونین کے ارکان نے دعویٰ کیا کہ سینکڑوں گاڑیاں بغیر ضروری کاغذات کے اور ڈرائیور بغیر لائسنس کے سڑکوں پر گاڑیاں چلا رہے ہیں، لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اے آر ٹی او کو خود مالکان کو دفتر میں بلا کر ان کے کاغذات درست کرنے چاہیے اور ایجنٹوں کے ذریعے کام کروانے کے عمل کو ختم کرنا چاہیے۔ٹیکسی یونین کے صدر کفیل خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اے آر ٹی او پونچھ کے دفتر میں بڑے پیمانے پر ایجنٹوں کے ذریعے رشوت لی جاتی ہے، جس پر انتظامیہ کو فوری کنٹرول کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں کے مالکان کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے خدمات فراہم کی جائیں۔یونین نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر بغیر کاغذات گاڑیاں اور بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف فوری کارروائی نہ کی گئی تو وہ گاڑیوں کی آمد و رفت کو بند کرکے احتجاج کریں گے، جس کی مکمل ذمہ داری اے آر ٹی او پونچھ پر عائد ہوگی۔یونین کے ارکان نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اے آر ٹی او پونچھ کے دفتر میں جاری مبینہ بدعنوانی کی جانچ کی جائے اور عوام کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ کیا جائے۔