خالد جمیل ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر
نئی دہلی/ آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کی ایگزیکٹو کمیٹی (ای سی) نے خالد جمیل کو سینئر مردوں کی ہندوستانی فٹبال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے ۔فیڈریشن کی ٹیکنیکل کمیٹی (ٹی سی ) کی سفارش پر آج طلب کی گئی ورچوئل میٹنگ میں تفصیلی بات چیت کے بعد خالد جمیل کو مردوں کی سینئر ہندوستانی قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ میں اے آئی ایف ایف کے صدر کلیان چوبے ، نائب صدر این اے حارث، خزانچی کپا اجے ، ایگزیکٹو اور ٹیکنیکل کمیٹیوں کے ارکان، دونوں درونچاریہ ایوارڈ یافتہ کوچ بمل گھوش اور آرمانڈو کولاسو اور دھیان چند ایوارڈ یافتہ شبیر علی کی موجودگی میں اے آئی ایف ایف کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر سید صابر پاشا اور قومی ٹیم کے ڈائریکٹر سبرت پال نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے انتخاب کے لیے جمیل، اسٹیفن کانسٹینٹائن اور اسٹیفن ٹارکوچ کے ناموں کی تجویز پیش کی ۔ تینوں ناموں پر غور وخوض کے بعدخالد جمیل جنہیں لگاتار دو بار اے آئی ایف ایف مینز کوچ آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے (2023-24 اور 2024-25) کو اکثریت کی بنیاد پر کوچ بنایا گیا۔ہندوستان اس ماہ کے آخر میں سی اے ایف اے نیشنز کپ 2025 میں شرکت کرنے والا ہے ، اس کے بعد اکتوبر میں سنگاپور کے خلاف لگاتار دو اے ایف سی ایشیائی کپ فائنل راؤنڈ کوالیفائرز ہوں گے۔ جمیل ہندوستانی کھلاڑیوں کے ساتھ باقاعدگی سے کام کر رہے ہیں۔