عظمیٰ نیوز سروس
جموں// مرکزی سیکرٹری خوراک اور عوامی تقسیم کاری (ڈی ایف پی ڈی) سنجیو چوپڑا نے کل یہاں ادھیوگ بھون میں ’’ وَن نیشن وَن راشن کارڈ ‘‘ کے لئے ایک بیداری پروگرام کا اِفتتاح کیا۔تقریب کے دوران کمشنر سیکرٹری خوراک، شہری رسدات اور امور ِصارفین (ایف سی ایس اینڈ سی اے) زبیر احمد نے جموں و کشمیر میں پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم کے تحت کوریج کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔ یہ اِنکشاف ہوا کہ محکمہ خوراک، شہری رسدات اور امور ِصارفین اس وقت 25 لاکھ گھرانوں کو مفت اور سبسڈی والے اناج فراہم کر رہا ہے جس سے 98 لاکھ مستحقین مستفید ہو رہے ہیں۔ ان میں سے نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ (ایف ایف ایس اے) کے تحت 66,56,907 مستفیدین مفت غذائی اناج حاصل کرتے ہیں جبکہ 31,55,292 مستفیدین کو این پی ایچ ایچ گروپ میں انتہائی رعایتی شرح پر اناج ملتا ہے۔
اِس کے علاوہ جموں و کشمیر ترجیحی گھرانوں کو وزیر اعظم فوڈ سپلی منٹیشن سکیم کے تحت ترجیحی گھرانوںکوہرماہ 10 کلو گرام تک اضافی ٹاپ اَپ فراہم کر رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک قابل ذکر ترقی جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں صد فیصدفور ٹیفائیڈ چاول کی تقسیم ہے جس کا آغاز اکتوبر 2023 ء میں ایف ایف ایس اے کے تحت ہوا ہے۔ مزید یہ کہ ڈی ڈپلی کیشن ایکسرسائز کے دوران 10 لاکھ سے زائد ڈیلیٹ کئے گئے جبکہ 89,427 حقیقی گھرانوں کو بھی پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم میں شامل کیا گیا۔بین ریاستی پورٹیبلٹی کو آسان بنانے کے مقصد سے ’’ون نیشن ون راشن کارڈ‘‘ اقدام کو اگست 2020 ء میں جموں و کشمیر میں شروع کیا گیا تھا اور اَب یہ تمام اضلاع میں6,413پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) ڈیوائسز پر دستیاب ہے۔ اس سکیم کی عم آوری کے لئے جموں و کشمیر ملک میں نویں نمبر پر ہے جس میں اَب تک79,530 او این او آر سی اور 21,08,150 پورٹیبلٹی ٹرانزیکشن کی گئی ہے۔دورانِ تقریب مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ڈی ایف پی ڈی ایل پی شرما کی طرف سے ایک پاورپوائنٹ پرزنٹیشن بھی پیش کی گئی، جس میں’’وَن نیشن وَن راشن کارڈ ‘‘ پروگرام کے مقاصد کی وضاحت کی گئی۔اِس موقعہ پرصوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، لیبر کمشنر جموں و کشمیر عبدالرشید وار، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے جموں رفعت کوہلی، جنرل منیجر ایف سی آئی کوشک داس اور مرکزی کنسلٹنٹ ڈی ایف پی ڈی خوشبو کماری موجود تھیں۔بیداری پروگرام میں تقریباً 120 مستفیدین اور ایف پی ایس ڈیلروں نے شرکت کی۔