عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر اور حضرت علامہ انور شاہ کشمیری اسلامک انٹرنیشنل اکیڈمی شہر پونچھ کے زیر انتظام ” ایک شام پونچھ کے نام ” کے عنوان سے اکیڈمی کے جیلانی ہال میں محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔اس مشاعرے کی صدارت معروف شاعر اور تاریخ پونچھ کے مؤلف خوش دیو مینی (کے ڈی مینی)نے کی۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر خلیق انجم نے انجام دئیے، مشاعرے کے آغاز میں پونچھ کی معروف شخصیت پردیپ کھنہ نے اظہار خیال کیا اور پروگرام آرگنائزر اور انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کے نائب صدر عشرت بٹ نے تعارفی کلمات پیش کیے۔بعد ازاں فیضان احمد انوری تلاوت کلام پاک سے مشاعرے کا اغاز کیا۔ مشاعرے میں خطے کے نامور شعرائے کرام کے ڈی مینی، خورشید کرمانی، محتشم احتشام، سلیم تابش،ڈاکٹر علمدار عدم، حافظ ریاض ضیائی، ماسٹر غلام حیدر، عشرت بٹ، شبیر حسین، عابس باغی،گکناز چوہان نے اپنا کلام پیش کیا اور سامعین ومشاہدین سے خوب داد حاصل کی۔پروگرام کے اختتام پرمہمانان خصوصی محترم شفقت محمود بٹ ایس ایس پی پونچھ اور وادیِ کشمیر سے تشریف لائے ہوئے مہمانانِ گرامی قدریوسف جمیل سینئرصحافی نمائندہ وائس آف امریکہ جموں وکشمیر ، سبط محمد حسن سینئر صحافی سحرِ علمی نیٹ ورک جموں وکشمیر، جاوید ماٹجی جنرل سکریٹری اردو کونسل جموں و کشمیر،جاوید کرمانی ترجمان اعلیٰ اردو کونسل جموں و کشمیر،ریاض ملک سینئر صحافی صدر انجمن اردو صحافت جموں و کشمیر و ریزیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ کشمیر عظمیٰ ،بلال فرقانی ،سینئر صحافی اڑان الطاف حسین جنجوعہ اور دیگر معزز شخصیات نے جامعہ امام محمد انورشاہ کشمیری علیہ الرحمہ ،جامعہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا للبنات اور حضرت علامہ انور شاہ کشمیری اسلامک انٹرنیشنل اکیڈمی شہر پونچھ کا معائنہ کیا اورانھیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شترکہ پیغام میں شعرائے کرام کی ملکی ثقافت اور قومی زبان کے فروغ کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فروغ اردو ادب، انتہا پسندی کے خاتمے اور رواداری کے فروغ کے لئے ادب اور ادبی محافل کلیدی کردار کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا شاعر ادیب کسی بھی ملک اور معاشرہ کا آئینہ ہوتے ہیں۔ مشاعرے ہماری تہذیب و ثقافت کے آئینہ دار ہیں، اس طرح کی ادبی محافل کی روایت برقرار رہنی چاہیے۔انہوں نے کہا مشاعروں کے انعقاد سے اردو زبان کے فروغ میں مدد ملے گی، نئی نسل کو زبان و ادب سے جوڑنے کا یہ بہترین ذریعہ ہے۔اس دوران مشاعرے میں شرکت کرنے والے شعرائے کرام کی رداء تکریم اور وادیِ کشمیر سے تشریف لائے ہوئے مہمانانِ گرامی قدر کی ایس ایس پی پونچھ اور معززین کے ہاتھوں یادگاری مومنٹو کے ساتھ حوصلہ افزائی کی گئی جب کہ اس موقع پر ایس ایس پی پونچھ شفقت محمود بٹ کو بھی یادگاری مومنٹو پیش کیا گیا۔اخیر میں انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر وحضرت علامہ انور شاہ کشمیری اسلامک انٹرنیشنل اکیڈمی شہر پونچھ کی جانب سے جمیع معاونین ومحبین اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا گیا جنھوں نے تشریف آوری کے ساتھ ساتھ شعراء کرام کی حوصلہ افزائی فرمائی اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا –