جموں /عظمیٰ نیوز سروس/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شیڈولڈ ٹرائب آرڈر(ترمیمی) بل، 2023 کی منظوری کوجموں کشمیر کے لیے ایک تاریخی دن قرار دیا ہے۔انہوں نے Xپر سلسلہ وار ٹویٹس میں ایل جی نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، حکومت نے ان برادریوں کو درج فہرست قبائل کی فہرست میں شامل کرنے کو یقینی بنایا ہے، اس کا گوجروں، بکروالوں اور دیگر قبیلوں کو دستیاب تحفظات کی موجودہ سطح پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور وہ پہلے کی طرح ریزرویشن حاصل کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹی انتظامیہ جموں و کشمیر کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے جو متوازن ترقی پر مرکوز ہے اور جامع ترقی کے منتر کے ساتھ سماج کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں لوگوں اور کمیونٹی کے عمائدین سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں اور شرپسندوں کی طرف سے کمیونٹیز میں ریزرویشن کی سطح پر پھیلائی جانے والی کسی بھی غلط خبر کا مقابلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ درج فہرست قبائل کی فہرست میں نئی برادریوں کو شامل کرنے سے موجودہ درج فہرست قبائل کی برادریوں جیسے گوجر اور بکروال کو دستیاب تحفظات کی موجودہ سطح پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔