بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے لئے ایڈمنسٹریٹو جج /پورٹ فولیو جج جسٹس علی محمد ماگر ے نے کل سب جج پٹن،سوپور اور ٹنگمرگ کی عدالتوں کا دورہ کرکے وہاں ماتحت عدالتوں میں کام کاج کاجائزہ لیا۔ جسٹس ماگرے نے وکلأ کے مطالبات اورشکایتوں کو غور سے سُنا اور اِن کے ازالے کے لئے متعلقین کو موقعہ پر ہی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ایڈمنسٹریٹو جج کے اس دورے کا مقصد عدلیہ میں التوأ میں پڑے معاملات کو فوری طور نمٹانا اور عوام تک قانونی انصاف کی رسائی کو یقینی بنانا ہے جب کہ عدلیہ کے ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنا اور عدلیہ کے نظام کی بہتر اورتسلی بخش بنانا بھی اُن کے دورے کی ایک کڑی تھی۔ایڈمنسٹریٹو جج جسٹس ماگرے نے تمام متعلقین کو پچھلے 5سے10برسوں کے دوران التوأ میں پڑے تمام معاملات کو فوری طور اورسرعت کے ساتھ نمٹانے کی ہدایت دی ۔انہوں نے متعلقین کو ای کورٹ پروجیکٹ کے تحت دستیاب خدمات کو بہتر طور بروئے کار لانے پر زوردیا ۔جب کہ ای کورٹ پروجیکٹ میں مزید بہتری لانے کے لئے بھی متعلقین پر زوردیا گیا تاکہ عام لوگوں تک بھی اس کی رسائی ممکن ہوسکے۔