سرینگر//شالہ ٹینگ ایچ ایم ٹی میںفوج کی طرف سے مبینہ فائرنگ کے دوران ایک خاتون سمیت2افراد زخمی ہوئے۔اس وران ایچ ایم ٹی کے نزدیک ایک طاقتور باردوی سرنگ ناکارہ بناکر ایک بڑے حادثے کو ٹالا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق شالہ ٹینگ کے نزدیک فوجی اہلکاروں نے عارضی چیک پوسٹ پر کچھ تصاویر ہاتھوں میں لی تھی،اور مشتبہ افراد کی پوچھ تاچھ کے علاوہ گاڑیوں کی چیکنگ کررہے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ اس دوران بیروہ سے آنے والی ایک مسافر بردار بس کو بھی روکا گیااور مسافروں کو نیچے اتارا گیا،جن کی شناخت کرائی گئی۔ ا س دوران فوجی اہلکاروں نے مبینہ طور پر ایک نوجوان کو تصویر والے نوجوان سے شکل و صورت ملنے کے بعد پوچھ تاچھ کا سلسلہ شرع کیا،مگر دیگر مسافروں نے اعتراض کیا کہ وہ بیجا مسافروں کو تنگ کر رہے ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق وہاں پر موجود لوگوں کے احتجاج کے بعد سنگبازی بھی شروع ہوئی،جبکہ فوج نے گولیوں کے کئی رائونڈ چلائے،جس میں ایک خاتون سمیت2 شہری زخمی ہوئے،جنہیں فوری طور پر جے وی سی میڈکل اسپتال پہنچایا گیا،جہاں پر ان کی حالت مستحکم ہے۔زخمیوں کی شناخت عبدالعزیز لاوئے ساکن پارمپورہ اور سعیدہ سلام ساکن ملورہ شالہ ٹینگ کے طور پر ہوئی۔ جی وی سی اسپتال کے ایک معالج نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ 2زخمیوں کو اسپتال لایا گیا،جن میں عبدلعزیز لاوئے کے دائیں ران پر زخم ہے،جبکہ50برس کی سعیدہ سلام کے بائیں ہا تھ پر زخم ہے،تاہم انہوں نے کہا کہ آپریشن کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ یہ گولیوں کے زخم ہے یا نہیں۔ اس دوران پولیس نے2شہریوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے سے متعلق کیس درج کیا گیا،اور تحقیقات شروع کی گئی۔ایس ایس پی سرینگر امتیاز اسماعیل پرے نے کہا کہ2شہری گولیوں سے زخمی ہوئے،اور انہیں اسپتال پہنچایا گیا،جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ادھر سی آر پی ایف کی44ویں بٹالین کی روڈ اوپنگ پارٹی نے بارہمولہ سرینگر شاہراہ پر جمعہ اورسنیچر کی درمیانی شب قریب4بجے نصب شدہ ایک بارودی سرنگ کا پتہ لگایا۔اس دوران پوری شاہراہ اور نواحی علاقے کو سیل کیا گیا،اور گاڑیوں کی آمدرفت بھی بند کی گئی۔ سنیچر صبح پولیس اور فوج کی2آر آر سے وابستہ اہلکار بھی شاہراہ پر پہنچے اور اس مصروف ترین شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کو روک دیا گیا۔بم ڈسپوزل اسکارڑ کو طلب کیا گیا،جنہوں نے قریب11بجے بارودی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سرنگ قریب4کلو وزنی تھی،اور اگر پھٹ جاتی تو اس سے نقصانات پہنچتا۔سی آر پی ایف کے ترجمان راجیش یادو نے کہا کہ ایک بڑے حادثے کو ٹالا گیا،اور اس5کلو وزنی بارودی سرنگ کو 44بٹالین سی آر پی ایف اور فوج کی2آر آر نے برآمد کر کے ناکارہ بنادیا گیا۔