کل سے شروعات، 15ستمبر کوبڈگام سے دہلی کیلئے روانہ ہوگی:وزارت ریلوے
بلال فرقانی
سرینگر//ریلوے کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے اعلان کیا کہ ریلوے وزارت روزانہ ٹائم ٹیبل والی پارسل خدمات متعارف کرانے کے لیے تیار ہے، جو جمعرات کو کشمیر اور دہلی کو جوڑےگی۔ایکس پر ایک پوسٹ میں اشونی ویشنو نے کہا کہ یہ پارسل خدمات وادی کشمیر کے بڈگام علاقے سے دہلی کے آدرش نگر تک شروع ہوں گی۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ یہ خدمات رواں سال 13 ستمبر سے شروع ہونگی اور یہ خدمات سیب کے کسانوں کو بااختیار بنائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بڈگام سے دہلی سیب لے جانے والی دو پارسل وینوں کو لوڈ کرنے کی خدمات شروع ہوچکی ہیں۔کورئیر کے کاروبار میں ریلوے کا حصہ بڑھانے اور صارفین کو ایک موثر، قابل اعتماد اور اقتصادی آپشن فراہم کرنے کے لیے، ریلوے بورڈ نے اس سال 20اگست کو شمالی ریلوے میں جموں ڈویژن کے لیے جوائنٹ پارسل پروڈکٹ-ریپڈ کارگو ٹرین سہولیات کی خدمات کو منظوری دی تھی۔8گاڑیوں کے پارسل روزانہ ٹائم ٹیبل والے مشترکہ پارسل پروڈکٹ۔ ریپڈ کارگو سروس پارسل ٹرین آدرش نگر۔بڑی برہمنا۔بڈگام کے لیے نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔جموں ڈویژن کے سینئر کمرشل ڈویژنل منیجر اچیت سنگھل نے جموں میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ اس پارسل کی پہلی سروس 13ستمبر کو دوپہر 12:10بجے دہلی کے آدرش نگر سے بڈگام کے لیے روانہ ہوگی۔ یہ 15ستمبر کی صبح 06:15بجے بڈگام سے دہلی کے لیے روانہ ہوگی اوراگلی صبح 5بجے دہلی پہنچے گی جو سیبوں کے لیے دہلی کے بازار میں صبح سویرے پہنچنے کا بہت موزوں وقت ہے۔۔ان گاڑیوں کے پارسل جمعرات کو لوڈ کیے گئے جبکہ یہ سلسلہ آج یعنی جمعہ کو بھی جاری رہے گا، اور ہر ایک میں 23میٹرک ٹن سیب ہوں گے۔ مطالبہ موصول ہونے پر ریلوے اضافی گاڑیوں کا پارسل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔شمالی ریلوے کے پرنسپل چیف کمرشل منیجر اور جموں ڈویژن کے ڈویژنل ریلوے منیجر ریاستی حکام، محکمہ باغبانی، پھل کاشتکاروں کی انجمنوں اور تاجروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ ٹرین چلانے کا بنیادی مقصد کشمیر کے تاجروں کو فائدہ پہنچانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ان کا سامان ملک کے کونے کونے تک پہنچے جس میں بنیادی طور پر سیب، زعفران، اخروٹ، پشمینہ شال، قالین اور کشمیری دستکاری جیسی اشیا شامل ہیں۔ یہ ٹرین تقریباً 23گھنٹے میں دہلی پہنچنے والی ہے، جسے بڈگام سے سڑک کے سفر سے کم وقت سمجھا جاتا ہے۔ان خدمات کو دوبارہ شروع کرنے کے فیصلے پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈویژنل ریلوے منیجر وویک کمار نے کہا کہ اس پارسل ٹرین سروس کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ خراب موسم کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے سڑکوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے، سیب اور دیگر پھلوں کو ملک بھر کی دیگر ریاستوں اور دیہاتوں تک پہنچانے میں متعدد مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ریلوے نے پارسل ٹرین شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ناردرن ریلوے نے کہا کہ اس پارسل ٹرین میں ایک ایس ایل آر ہوگا، جس کے ساتھ آٹھ پارسل بھی ہوں گے۔ کاروباری طبقے کی سہولت کے لیے باری بھرہانہ سٹیشن پر سامان کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔جموں ڈویژن کے ڈویژنل ریلوے مینیجر کے مطابق، جوائنٹ پارسل پروڈکٹ-ریپڈ کارگو سروس کا مقصد ریلوے کے ذریعے مال کی نقل و حمل کو فروغ دینا ہے۔ یہ کارگو ٹرین پہلی بار جموں ڈویژن میں چلائی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ 9اگست کو، پہلی مال بردار ٹرین سیمنٹ کی 21ویگنوں کو لے کر پنجاب سے وادی کشمیر میں اننت ناگ گڈز شیڈ تک کامیابی کے ساتھ پہنچی، جس نے اس خطے کو قومی مال بردار نیٹ ورک سے منسلک کرنے میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا۔کارگو خدمات ادھم پور۔سرینگر۔بارہمولہ ریل لنک پر چلائی جائیں گی جو وادی کشمیر کو باقی ہندوستان سے ملاتی ہے۔ اس ریل لنک کا افتتاح اس سال جون میں وزیر اعظم نے کیا تھا۔
ایپل پارسل ٹرین شروعات
ایل جی اور وزیر اعلیٰ کا شکریہ
ایل جی اور وزیر اعلیٰ کا شکریہ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بڈگام سے نئی دہلی تک سیب کی نقل و حمل کے لیے ایک وقف پارسل ٹرین سروس شروع کرنے کے لیے وزارت ریلوے کا شکریہ ادا کیا۔ بڈگام سے سیب لے جانے والی دو پارسل وینوں کی افتتاحی لوڈنگ جمعرات سے شروع ہوئی۔بڈگام سے وقف پارسل ٹرین سروس کا اعلان وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے کیا۔انہوں نے کہا”جموں-سرینگر لائن کے آپریشنل ہونے سے، وادی کشمیر میں بہتر رابطہ ہے۔ ریلوے 13ستمبر 2025 سے وادی کشمیر کے بڈگام سے دہلی کے آدرش نگر سٹیشن تک روزانہ ٹائم ٹیبل والی پارسل ٹرین متعارف کر رہا ہے۔ بڈگام سے دہلی تک سیب لے جانے والی 2 پارسل وینوں کی لوڈنگ شروع ہوئی ہے”۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس اقدام کی ستائش کی۔ ایل جی نے Xپر کہا”بڈگام سے نئی دہلی تک روزانہ کی پارسل ٹرین سیب کے کاشتکاروں کو بڑی راحت دے گی۔ میں وزیر اعظم اور مرکزی وزیر برائے ریلوے اشونی ویشنو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں،”۔وزیر اعلی عمر عبداللہ نے اس اقدام کو ممکن بنانے میں تعاون کے لیے وزیر ریلوے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ کے بار بار بند ہونے اور حالیہ شدید بارشوں سے نقصان پہنچا۔ کاشتکار اپنی پیداوار کو وادی سے باہر کی منڈیوں تک پہنچانے میں ناکام رہے ہیں، جس کے نتیجے میں نقصانات بڑھ رہے ہیں۔