عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سابق وزیر، این ای سی ممبر اور بی جے پی ہیڈکوارٹر انچارج پریا سیٹھی نے پاکستان کے وزیر دفاع کے اس بیان پر سخت نوٹس لیا ہے جس نے جموں و کشمیر میں پاک ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے این سی اور کانگریس کو پوری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔جموں مشرقی کے لئے بی جے پی امیدوار کے لئے جلسہ عام میں سابق وزیر نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے انتخابات میں غیر ضروری مداخلت کر رہا ہے اور اس نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کانگریس اور این سی کو ہدایات دے رہا ہے تاکہ کشمیر میں ایک بار پھر خلل اور انتشار نظر آئے جو اب مودی حکومت کی طرف سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد پرامن اورپرسکون ہے۔ سینئربی جے پی لیڈر پریا سیٹھی نے پاکستان کے وزیر دفاع کے حالیہ بیان پر راہول گاندھی اور فاروق عبداللہ سے بھی کھل کر وضاحت مانگی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ “یہ اب ایک ثابت شدہ حقیقت ہے کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس دونوں اپنے سیاسی مفادات کے لیے جموں و کشمیر کو ابال پر رکھنا چاہتے ہیں اور انہیں عام کشمیریوں کے بارے میں کوئی احساس نہیں ہے۔پریا نے کہا کہ وادی کے لوگوں نے اب جمہوریت کے سیٹ اپ پر بھروسہ کیا ہے اور یہی جموں و کشمیر میں انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹروں کے زیادہ ٹرن آؤٹ کی وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی کے لوگ پرامن ماحول چاہتے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ یہ صرف مودی حکومت میں ہی ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کی خودمختاری اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ خطہ امن، ترقی اور باقی ہندوستان کے ساتھ انضمام کی راہ پر گامزن رہے۔