سرینگر//کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس میں کوئی اتحادیا دوستانہ مقابلہ نہیں بلکہ کانٹے کی ٹکر ہوگی۔سرینگرمیں پریس کانفرنس کے دوران میر نے کہا کہ کانگریس نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ کوئی درپردہ اتحاد نہیں کیاہے بلکہ ایک حکمت عملی کے تحت6میں سے 3پارلیمانی نشستوں پر ووٹ کی تفریق سے بچنے کے لئے اتحاد کیا گیاہے جبکہ دیگر نشستوں بشمول بارہمولہ دونوں جماعتوں کے مابین کانٹے کی ٹکر ہوگی۔اتحاد سے متعلق میر نے کہا ’’ دونوں پارٹیوں کی اعلیٰ قیادت آپس میں ملی اور ایک حکمت عملی کے تحت جہاں قیادت کو لگا کہ میدان ہموار ہے، وہاں سے اپنا امیدوار کھڑا کیا اور جہاں انہیں لگا کہ میدان صاف نہیں وہاں پارٹی نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا اور اس طرح کی نشستوں کی تقسیم کو بالکل بھی اتحاد کا نام نہیں دیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس بھی اپنے امیدوار کھڑا کر رہی ہے اور ہم بھی اپنے امیدوار سیاسی میدان میں اتار رہے ہیںجن کی جیت کا فیصلہ صرف لوگ ہی طے کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بارہمولہ پارلیمانی نشست سے نیشنل کانفرنس نے اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے ہم نے بھی اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے جبکہ اننت ناگ نشست سے نیشنل کانفرنس نے اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے اور ہم بھی آئندہ دو دنوں میں وہاں سے اپناامیدوارکھڑا کریں گے اور دونوں امیدواروں کے درمیاں سخت مقابلہ ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو اسمبلی کی بات ہوگی ،فی الحال اتحاد لوک سبھا تک ہی ہے۔