عظمیٰ نیوز سروس
رام بن//وادی چناب کے چار روزہ دورے کے اختتام کے بعد صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدرجموں رتن لال گپتا نے زور دے کر کہا کہ نیشنل کانفرنس وادی چناب میں آنے والے اربن لوکل باڈیز کے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔بانہال اور رام بن میں پارٹی کارکنوں کی میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے سینئر این سی لیڈر نے جموں و کشمیر میں ایل جی انتظامیہ کے تحت حالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دور کو اس کی بدعنوانی اور غلط حکمرانی کے لئے یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے خاص طور پر جل شکتی اور محکمہ صحت میں گھوٹالوں کے ساتھ ساتھ مختلف بھرتی گھوٹالوں کی نشاندہی کی۔انہوں نے ایل جی پر الزام لگایا کہ وہ ان مسائل کے بارے میں خاموشی کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں، مناسب کارروائی کرنے اور عوام کے خدشات کو دور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔رتن لال گپتا نے جل شکتی محکمہ میں 13,000 کروڑ روپے کے گھوٹالہ پر بھی حیرت کا اظہار کیا ہے جسے آئی اے ایس افسر اشوک پرمار نے منظر عام پر لایا تھا۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ اور دیگر تفتیشی ایجنسیوں سے پوچھا کہ وہ ان سنگین الزامات کے حوالے سے خاموش کیوں ہیں ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ مرکز کی حکومت نے جموں صوبے کے لوگوں سے چاند کا وعدہ کیا تھا لیکن زمینی سطح پر ایک بڑا صفر دیا ہے۔ انکاکہناتھا کہ بی جے پی نے جموں خطے کے لوگوں کے اعتماد کو دھوکہ دیا اور اب وہ خود کو بھگوا پارٹی کے ہاتھوں دھوکہ کھائے ہوئے محسوس کر رہے ہیں۔
وادی چناب کے اپنے چار روزہ دورے کے ایک حصے کے طور پر، رتن لال گپتا نے سات میونسپل کمیٹیوں کا دورہ کیا جن میں کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن، ٹھاٹھری، بھدرواہ، بٹوت اور بانہال شامل ہیں۔لوگوںاور پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ بات چیت کی بنیاد پر، انہوں نے مشاہدہ کیا کہ عوام موجودہ حکومت کی مبینہ بدعنوانی، لوٹ مار اور بدانتظامی کی وجہ سے تنگ آچکے ہیں۔صوبائی صدر نے زور دے کر کہا کہ وادی چناب کے لوگوں کو نیشنل کانفرنس سے بہت امیدیں ہیں اور وعدہ کیا کہ پارٹی موجودہ نظام سے بہتر سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے پارٹی کیڈر پر زور دیا کہ وہ آنے والے یو ایل بی انتخابات کی تیاری کریں، اس یقین کے ساتھ کہ این سی جیت کر سامنے آئے گی۔