بارہمولہ ، اننت ناگ اور لداخ نشستوںپر دوستانہ مقابلہ ہوگا
جموں//نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان پارلیمانی چنائو سے قبل اتحاد ہوگیاہے اور دونوںجماعتوں کی طرف سے تین نشستوں پر متحدہ امیدوار میدان میں اتارنے کا اعلان کیاگیاہے جبکہ تین نشستوںپر دوستانہ مقابلہ ہوگا۔ دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت بشمول نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف و کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد، کانگریس کی ریاستی انچارج امبیکا سونی ،پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر ،این سی کے صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا، ریگزن جورا ودیگران نے فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کو بتایاکہ اتحاد کافیصلہ سیکولر جماعتوں کی جیت کو یقینی بنانے کیلئے کیاگیاہے ۔اتحادی پارٹیوں کے لیڈران نے کہا’’ہم نے جموں میں کھلے عام معاملات زیر بحث لائے اور اس نتیجہ پر پہنچے کہ دونوں جماعتیں لینے اور دینے پر یقین رکھتی ہیں ،یہ فیصلہ فرقہ پرست طاقتوں کوشکست دے گا‘‘۔
ڈاکٹر فارو ق عبداللہ
ڈاکٹر فاروق نے کہاکہ مشترکہ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ ہواہے کہ ڈوڈہ۔ اودھمپور اور جموں۔ پونچھ کی پارلیمانی نشستیں کانگریس کو دی جائیں گی جبکہ وہ خود دونوں جماعتوں کی طرف سے سرینگر نشست پر مشترکہ امیدوار ہوں گے ۔ان کاکہناتھا’’اننت ناگ اور بارہمولہ پارلیمانی نشستوں پر دوستانہ مقابلہ ہوگا جبکہ لداخ میں بھی ایسی ہی صورتحال پر بات ہوئی ہے ‘‘۔انہوںنے کہاکہ انتخابات میں ایک یا دوسری جماعت کو سمجھوتہ کرناپڑتاہے اور انہوںنے یہ فیصلہ عوام کے وسیع تر مفادات میں کیاہے ۔
غلام نبی آزاد
غلام نبی آزاد نے کہاکہ قومی سطح پر ڈاکٹر فاروق اور ان کے فرزند عمر عبداللہ نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر راہل گاندھی اور سابق صدر سونیا گاندھی کی طرف سے بلائی میٹنگوں میں شرکت کی، جس سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ وہ ایک مشترکہ کاز کیلئے لڑنے کی خاطر وعدہ بند ہیں۔ انہوںنے کہاکہ انہوںنے یہ دکھایاہے کہ سیکولر قوتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور متحد ہوکر اس جماعت کے خلاف لڑیں جو طبقوں کے درمیان تفریق پھیلاکر ملک کے سیکولر نظریہ کو نقصان پہنچارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عام طور پر قومی سطح پر پارٹیاں مشترکہ مفادات پر اتحاد دکھاتی ہیں لیکن ریاستی سطح پر ان کا موقف الگ ہوتاہے لیکن وہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب کی سراہنا کرتے ہیں جنہوں نے اپنا ریاستی سطح پر بھی موقف تبدیل نہیں کیا ۔ان کاکہناتھا’’اس سے بہتر کوئی اور فیصلہ ہو نہیں سکتاتھا‘‘۔آزاد نے کہاکہ اگر یہ اتحاد نہیںہوتاتو دونوں پارٹیوں کے ووٹ کی تقسیم کافائدہ تیسری پارٹی کو ملتالیکن وہ ڈاکٹر فاروق کے شکر گزار ہیں جنہوںنے ایک ٹھوس فیصلہ لیاہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ کشمیر میں ووٹ تبدیل کرنا کوئی آسان بات نہیں ہے اور دونوں جماعتوں کو بارہمولہ و اننت ناگ حلقوں میں قابل قدر حمایت حاصل ہے ۔ان کاکہناتھا’’اتحاد میں داخل ہوکر ہمارے لئے یہ آسان ہوگیاہے کہ مقامی حمایت جیت سکیں ،ہم ایک دوسرے کی مخالفت نہیں کریں گے لیکن اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی تیسری جماعت ان سیٹوں سے کامیاب نہ ہونے پائے ‘‘۔انہوں نے کہاکہ فاروق عبداللہ سرینگر حلقہ سے ایک مضبوط امیدوار ہیںجن کیلئے ہم سبھی مشترکہ مہم چلائیں گے۔
پنتھرس پارٹی سبھی 6نشستوں پر انتخابات لڑے گی
جموں // پنتھرس پارٹی سرپرست پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا ہے کہ پارٹی ریاست کی سبھی 6نشستوں پر انتخابات لڑے گی۔جموںمیں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پنتھرس پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ یوم تاسیس 23مار چ کو اپنی آئندہ حکمت عملی سامنے لائے گی۔انکا کہنا تھا کہ پنتھرس پارٹی جموں وکشمیر اور لداخ کی تمام چھ لوک سبھا سیٹوں کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان 23, 24,25 اور 26مارچ کو کرے گی۔
جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ2 نامزدگیاں داخل
جموں// جموں پونچھ پارلیمانی نشست کے لئے ڈی سی آفس جموں میں ریٹرننگ افسر رمیش کمار کے دفتر میں2 اُمیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔پہلی نامزدگی آزادا ُمیدوار راجیو چونی جبکہ دوسری نامزدگی انڈی پینڈنٹ پیوپلز پارٹی کے اُمیدوار سید عاقب حُسین نے داخل کی۔