سرینگر// ضلع مجسٹریٹ سرینگر اعجاز اسد نے کہا ہے کہ در اصل ضرورت مند مریضوں کو فوری طور آکسیجن فراہم کرنے کے عمل کو منظم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ این جی اوز کو آکسیجن سلنڈروں کی ریفلنگ سے نہیں روک رہی ہے۔ ایسا بالکل نہیں کیا جا رہا ہے بلکہ ایک موزوں میکانزم کی وساطت سے مریضوں کو آکسیجن کی بلا خلل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔قبل ازیں موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ایک ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں ضلع کے تمام آکسیجن منی فیکچرنگ یونٹوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ این جی اوز اور پرائیویٹ سوسائیٹیز کے آکسیجن سلندروں کی ریفلنگ بند کریں۔ایڈوائزری میں ان یونٹوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ سرکاری ہسپتالوں کو آکسیجن سپلائی کریں جبکہ پرائیوٹ سوسائٹیز، این جی اوز کو ضلع مجسٹریٹ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد ہی آکسیجن سلنڈروں کی ریفلنگ کر سکتے ہیں۔اعجاز اسد نے جمعہ کو اس ایڈوائزری کی وضاحت میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'زیادہ ضرورت مند مریضوں کو مناسب آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اس عمل کو منظم کیا گیا ہے ۔