عظمیٰ نیوز سروس
جموں//روڈ سیفٹی کا مہینہ مناتے ہوئے نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( این ایچ آئی ڈی سی ایل ) نے موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے پی ایس پی ایس گورنمنٹ کالج برائے خواتین گاندھی نگر میں ایک میگا روڈ سیفٹی بیداری کیمپ کا انعقاد کیا ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکرٹری نیرج کمار مہمان خصوصی تھے جبکہ ٹرانسپورٹ کمشنر راجندر سنگھ تارا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ سیکرٹری نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے طلباء کو روڈ سیفٹی کے سفیر بننے کی تلقین کی ۔ انہوں نے عوام کی وسیع تر فلاح و بہبود کیلئے اپنا حصہ ڈال کر سب کیلئے محفوظ سڑکوں کو یقینی بنانے کیلئے سب کی اجتماعی ذمہ داری پر زوردیا ۔ انہوں نے سڑک کی حفاظت کو فروغ دینے اور حادثات کو کم کرنے کیلئے ڈرائیوروں اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ سڑک کے معیار کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے گذشتہ ایک دہائی کے دوران سڑک حادثات کی وجہ سے اکثر انسانی جانوں اور جسمانی نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مزید کہا ’’ گذشتہ دس برسوں میں سڑکوں پر ہونے والی ہلاکتوں کے اعداد و شمار تشویشناک ہیں ۔ ‘‘ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کمشنر نے طلباء پر زور دیا کہ وہ روڈ سیفٹی کے اصولوں کے بارے میں سیکھنے کے اس موقع کا بہترین استعمال کریں ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی حفاظت اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ان اصولوں پر سختی سے عمل کریں ۔ اس تقریب کے دوران ایک مباحثے کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں مختلف کالجوں کے مقررین نے حصہ لیا اور روڈ سیفٹی ، سوچھتا ابھیان ، منشیات کی روک تھام پر اظہار خیال کیا ۔ اس موقع پر این ایچ آئی ڈی سی ایل کے سینئر افسر ، نوڈل پرنسپل کالجز جموں ، پرنسپل گورنمنٹ کالج برائے خواتین گاندھی نگر ، ایڈیشنل سیکرٹری روڈ سیفٹی کونسل ، جوائینٹ ٹرانسپورٹ کمشنر ، اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر جموں کے علاوہ مختلف کالجوں کے اسسٹنٹ پروفیسرز اور طلباء موجود تھے ۔