کشتواڑ //ڈپٹی کمشنر کشتواڑ کے محافظ کی بندوق چھینے جانے کے واقعہ میں پولیس نے 8مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ان سے پوچھ تاچھ شروع کردی ہے ۔دریں اثناء این آئی اے نے بی جے پی لیڈر انیل پریہار اوران کے بھائی اجیت پریہار کے قتل کے معاملے میں دو افراد کو حراست میں لیاہے ۔گزشتہ سنیچر کی شام ڈپٹی کمشنر کشتواڑ انگریز سنگھ کے محافظ دلیپ کمار کی اے کے سینتالیس بندوق چھیننے کے واقعہ پر پولیس نے آٹھ افراد کو حراست میں لیکر ان سے پوچھ تاچھ شروع کردی ہے ۔ایس ایچ او کشتواڑ نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر کے محافظ کی بندوق چھیننے کے واقعہ پر 8افراد کو حراست میں لیاگیاہے اوران سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں ایک آلٹو کار زیر نمبر JK17-5025کو بھی تحویل میں لیاگیاہے جو پولیس کے مطابق بندوق چھیننے کے واقعہ میں استعمال کی گئی تھی ۔دریں اثناء قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے )نے کشتواڑ میں دو گھروں پر چھاپے مار کر دوافراد کو حراست میں لے لیا ۔ذرائع نے بتایاکہ این آئی اے کی ٹیم نے کشتواڑ میں دو گھروں پر چھاپے مار کردوافراد کو حراست میں لیا۔یہ کارروائی یکم نومبر2018کو بھاجپا لیڈر انیل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہار کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں انجام دی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ حراست میں لئے گئے مشتبہ افراد میں سے ایک سابق جنگجو ہے جس نے 2014میں بی جے پی میں شمولیت اختیا رکرلی تھی تاہم پارٹی کے ایک لیڈر نے اس کی شمولیت کومسترد کیاہے ۔