سرینگر// مرکزی تفتیشی ایجنسی’این آئی ائے‘نے حریت(ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق اور سید علی شاہ گیلانی کے بیٹے نسیم گیلانی کو 11مارچ کو پوچھ تاچھ کیلئے دہلی طلب کرلیا ہے۔میرواعظ عمر فاروق کی نگین رہائش گاہ پر این آئی اے کی طرف سے26فروری کو چھاپہ مارا گیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ محمد یاسین ملک کو پہلے ہی گرفتارکرکے ان پر پی ایس اے کا اطلاق عمل میں لا کر انہیں کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این آئی اے کی طرف سے میر واعظ کو جو نوٹس اجرا کی گئی ہے،اس میں کہا گیا ہے’’جیسا کہ آپ کیس کی صورتحال سے واقف ہے،جو کہ اب این آئی اے، نئی دہلی کے زیر تحقیقات ہے، مرکزی وزارت داخلہ کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کو11مارچ2019صبح10بجکر30منٹ پر آپ کی کیس سے متعلق پوچھ تاچھ کیلئے ضرورت ہے۔نوٹس میں اس کیس کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے یہ کیس این آئی اے کرائم نمبر۔RC-10/2017/NIA/DLIزیر دفعات،تعزیرات ہند120B,121,121A اور دفعہ13,16,17,18,38,39,40غیر قانون سرگرمیاں(انسداد) قانون1967کے تحت درج ہے۔گیلانی کے بیٹے نسیم گیلانی ایگریکلچر یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہسال2017جون کے پہلے ہفتے میں قومی تحقیقاتی ایجنسی نے نعیم احمد خان،الطاف احمد شاہ،فاروق احمد ڈار عرف بٹہ کراٹے، ایڈوکیٹ شاہد الاسلام کو نئی دہلی طلب کیا تھا، جس کے بعد انکی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ اسکے بعد دیگر لیڈروں کو بھی حراست میں لیا گیا۔